راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ سے ان کے نیپالی ہم منصب راجندرا چھتری نے راولپنڈی میں ملاقات کی ٗنیپالی آرمی چیف نے دہشتگردی کیخلاف جنگ اور خطے میں امن و استحکام کیلئے پاک فوج کی قربانیوں اور کوششوں کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے نیپالی چیف آف آرمی سٹاف جنرل راجندرا چھتری نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی، فوجی تعاون، خطے کی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ تعاون کے فروغ سے متعلق اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔نیپالی آرمی چیف نے خطے میں دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کوسراہا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستانی
افواج نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں مخلصانہ کوششیں کیں، خطے میں امن واستحکام کیلئے پاک فوج کی قربانیاں اور کوششیں قابل ستائش ہیں۔قبل ازیں نیپالی آرمی چیف کو جی ایچ کیو راولپنڈی پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ٗانہوں نے یادگار شہداء پر پھول بھی چڑھائے۔