Friday October 11, 2024

پارٹی نواز شریف کو گمراہ کر رہی ہے، سزا یافتہ مفرور شخص کو ضمانت نہیں مل سکتی قائد ن لیگ کی واپسی پر شاہد خاقان عباسی کا ردعمل

لاہور : شاہد خاقان عباسی کے مطابق پارٹی نواز شریف کو گمراہ کر رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے قائد ن لیگ کی واپسی کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی نواز شریف کو گمراہ کر رہی ہے، سزا یافتہ مفرور شخص کو ضمانت نہیں مل سکتی، مجھے کسی نے نواز شریف کے استقبال کا نہیں کہا، بسوں کے قافلے کا قائل نہیں ہوں۔ نجی ٹی وی چینل سماء نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ انہوں نے کچھ قانونی ماہرین سے بات کی ہے،

وہ بتاتے ہیں کہ کسی شخص کو ہائیکورٹ مفرور قرار دے تو اسے ضمانت نہیں مل سکتی، نواز شریف کو پاکستان واپسی پر عدالت کے سامنے سرنڈر کرنا ہو گا۔ قانونی راستہ یہ ہی ہے کہ پاکستان واپس آ کر عدالت کے رحم و کرم پر خود کو چھوڑیں، عدالت سے ریلیف نہیں ملتا تو سپریم کورٹ اپیل دائر کریں۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اگر نواز شریف قانون کے مطابق نہیں چلیں گے تو پھر ملک میں کون قانون کے مطابق چلے گا؟۔ شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں اقتدار دیکھ چکی ہیں، عدم اعتماد کے بعد ہمیں حکومت نہیں بنانی چاہئے تھی، ن لیگ میں شامل ہوں، بتا دیا ہے ان حالات میں الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتا۔ انہوں نے کہاکہ میرا لیڈر نوازشریف ہے، شہبازشریف اور مریم نواز نہیں،سیاسی جماعت کی جگہ موجود ہے لیکن وہ بعد کی بات ہے،میں ٹرتھ کمیشن کا قائل ہوں،اگر کبھی بنا تو سب سے پہلے میں خود پیش ہوجائوں گا۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے اپنی تاریخ کو مسخ کردیا ہے،ہمیں اقتدار کی جنگ اور کرسیوں کی لالچ سے پیچھے ہٹنا پڑے گا،حلقے کے لوگ فیصلہ کریں گے کہ استقبال کے لیے جانا ہے یا نہیں۔

FOLLOW US