اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت کی 9 درخواستوں پر فیصلہ کل سنائے گی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے محفوظ فیصلہ کل سنانے کی کاز لسٹ جاری کر دی۔ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری فیصلہ سنائیں گے۔ سیشن کورٹ اور انسداد دہشت گردی عدالت نے عدم پیروی عمران خان کی ضمانتیں خارج کی تھیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے ان مقدمات میں متعلقہ عدالتوں کے حتمی فیصلے تک گرفتاری سے روکنے کی درخواست دائر کی تھی۔
عمران خان کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ 9 ضمانت کی درخواستیں متعلقہ عدالتوں میں زیر التوا سمجھی جائیں، ان 9 مقدمات میں متعلقہ عدالتوں کے حتمی فیصلے تک گرفتاری سے روکا جائے، متعلقہ عدالتوں کو 9 مقدمات کے فیصلے میرٹ پر کرنے کی ہدایت کی جائے۔ ان میں 9 مئی کے تین مقدمات اور اسلام آباد میں احتجاج کے تین مقدمات شامل ہیں جبکہ توشہ خانہ جعلی سازی، دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور اقدام قتل کا مقدمہ بھی شامل ہے۔