Saturday January 18, 2025

چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کی ویڈیو سامنے آ گئی ، کارکنوں کی جانب سے گل پاشی

راولپنڈی: اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو اٹک جیل سے اڈیالہ منتقل کرنے کی ویڈیو سامنے آگئی، کارکنوں کی جانب سے پھول نچھاور کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد پولیس اٹک جیل پہنچی اور عمران خان کو سخت سیکیورٹی میں لے کر روانہ ہوئی تھی، قافلے میں موبائلز اور ایمبولینس بھی شامل تھی، اس کے علاوہ اسلام آباد پولیس کے اسکواڈ میں اے ٹی ایس کے کمانڈوز بھی شامل تھے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل منتقلی کے موقع پر کارکنوں کی بڑی تعداد ٹول پلازہ پر موجود تھی، کارکنوں کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے گل پاشی بھی کی گئی۔ اس سے قبل ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ وہ اڈیالہ جیل منتقل نہیں ہونا چاہتے کیونکہ اٹک جیل میں انہوں نے خود کو سیٹ کرلیا ہے۔ جیل حکام کے مطابق سینٹرل جیل اڈیالہ منتقلی پر جیل مینوئل کے مطابق میڈیکل سمیت تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی کو سابق وزیراعظم کے استحقاق کے مطابق بیٹر کلاس دی جائے گی۔

FOLLOW US