Sunday January 19, 2025

جناح ہاؤس حملہ کیس،صنم جاوید، روبینہ جمیل سمیت 9 ملزمان کی ضمانتیں منظور

لاہور: جناح ہاؤس حملہ کیس انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی کے 9 کارکنان کی ضمانتیں منظور کرلی ہیں، ان کارکنا ن میں صنم جاوید، روبینہ جمیل سمیت دیگر شامل ہیں۔ اے آروائی نیوز کے مطابق انسداد ہشتگردی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار پی ٹی آئی کارکنوں کی ضمانت منظور کرلی، عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس کے مقدمات میں 9 ملزمان کی ضمانتیں منظور کرلی ہیں، انسداد ہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔

عدالت نے صنم جاوید، روبینہ جمیل سمیت دیگر کارکنان کو رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ عدالت نے صنم جاوید، روبینہ جمیل، افشاں طارق ، آشمہ شجاع، شاہ بانو، فیصل اختر قاسم، علی حسن ، حسین قادری کی ضمانتیں منظور کرلی ہیں، عدالت نے تمام ملزمان کی ایک ایک لاکھ کے مچلکوں کے عوض ضمانتیں منظور کیں۔ مزید برآں نیوز ایجنسی کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ نو مئی جناح ہائوس مقدمہ میں ملوث 4خواتین کی عبوری ضمانتیں منظور کر لیں۔ سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے ضمانتوں پر سماعت کی ۔ ملزمہ ماریہ خان ، شمائلہ ستار ،خالدہ حمید اور رضیہ سلطانہ نے پیش ہو کر حاضری لگائی ۔ وکیل نے کہا کہ ملزمان کے خلاف جھوٹا مقدمہ بنایا گیا ، ملزمہ خواتین شامل تفتیش ہو کر اپنی بے گناہی ثابت کرنا چاہتی ہیں ۔ استدعا ہے کہ عدالت ملزمہ خواتین کو گرفتار کرنے سے روکنے کا حکم دے ۔جس پر عدالت نے چار خواتین ملزمہ کو چار اکتوبر تک گرفتار کرنے سے روک دیا۔

FOLLOW US