Sunday January 19, 2025

ڈالر ذخیرہ اندوزی کیخلاف کریک ڈاؤن،ڈالر کی برآمدگی کیلئے ایف آئی اے اور حساس ادارے گھروں پر چھاپے ماریں گے

کراچی : گھروں میں ڈالر چھپانے والوں کو جیل کی ہوا کھانی پڑے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈالر ذخیرہ اندوزی کیخلاف کریک ڈاؤن کا اگلا مرحلہ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ڈالر کی برآمدگی کیلئے ایف آئی اے اور حساس ادارے گھروں پر چھاپے ماریں گے،ایکسچینج کمپنیوں سے حاصل ڈیٹا کی مدد سے گھروں کی نشاندہی کر لی گئی،مستند اطلاعات ہیں کہ کریک ڈاؤن کے بعد مافیا نے گھروں میں ڈالر ذخیرہ کر رکھے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اداروں کے پاس غیر معلولی تعداد میں ڈالر لینے والوں کی فہرست بھی موجود ہے، ایف آئی اے اور حساس ادارے گھروں پر ٹارگٹڈ چھاپہ مار کارروائی کریں گے۔ مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن سے اب تک اوپن مارکیٹ میں ڈالر 31 روپے سستا ہو چکا ہے،یکم ستمبر کو ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 328 روپے پر پہنچ گیا تھا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ملک کی بڑی ایکسچینج کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلیم امجد نے کہا کہ ڈالر کی مارکیٹ میں آمد کئی گنا بڑھ گئی ہے،ریٹ جلد 250 روپے تک گر سکتا ہے۔

ایکسچینج کمپنیاں روزانہ 5 کی بجائے 20 ملین ڈالر اسٹیٹ بینک کو دینے لگی ہیں،کریک ڈاؤن سے خفیہ مارکیٹ ڈسٹرب ہو گئی۔ انہوں نے بتایا کہ خفیہ مارکیٹ میں ڈالر کا ریٹ 270 تک گر گیا۔مارکیٹ میں ڈالر کی فروخت بڑھ گئی، خریدار بہت کم ہیں۔ معاشی امور کے ماہر خاقان نجیب نے روپے کی قدر میں استحکام کو ایڈ منسٹریٹو ایکشن کا نتیجہ قرار دیا۔ انٹربینک مارکیٹ میں کارپوریٹ پلئیرز ڈیل کرتے ہیں،اوپن مارکیٹ کا انحصار افراد پر ہوتا ہے۔ گرے مارکیٹ بھی عرصہ سے ایکٹو ہے،لوگ ڈالر ہولڈ کر رہے تھے اور بارڈر سے اسمگل ہو رہا تھا۔انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلہ ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔

FOLLOW US