Wednesday October 23, 2024

چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کا چیف جسٹس کا پروٹوکول اور گاڑی لینے سے انکار

اسلام آباد : چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پروٹول کے بغیر سپریم کورٹ پہنچ گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے چیف جسٹس کا پروٹوکول اور گاڑی لینے سے انکا کر دیا،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ 1800 سی سی عام گاڑی میں عدالت عظمٰی پہنچے۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ چیف جسٹس کیلئے گھر سے سپریم کورٹ آتے ہوئے روٹ بھی نہیں لگایا گیا،چیف جسٹس پاکستان کو ساتھی ججز والی سکیورٹی ہی دی گئی۔

یاد رہے کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس کی سماعت براہِ راست دکھانے پر اتفاق ہو گیا۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت فل کورٹ اجلاس ہوا،فل کورٹ اجلاس میں پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس کی سماعت براہِ راست دکھانے کی اجازت دے دی گئی۔ عدالتی کارروائی براہِ راست دکھانے کیلئے کورٹ روم نمبر ون میں کیمرے نصب کرنا شروع کر دئیے گئے۔ پی ٹی وی کی سیٹلائٹ گاڑیاں سپریم کورٹ پہنچا دی گئیں،جبکہ سپریم کورٹ میں لائیو براڈ کاسٹ کیلئے تاریں بھی بچھا دی گئی ہیں۔ چار کیمرے وزیٹرز گیلری میں لگائے گئے ہیں اور ایک کیمرہ ججز ڈائس کے سامنے وکلاء کے روسٹرم کیلئے نصب کیا گیا۔ جبکہ اس سے قبل سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیخلاف سماعت کیلئے فل کورٹ بینچ تشکیل دیا گیا، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے حلف اٹھانے کے بعد پہلا فیصلہ کرتے ہوئے فل کورٹ بینچ تشکیل دیا۔

سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیخلاف سماعت آج ہو گی، چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں فل کورٹ سماعت کرے گا۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے حلف اٹھانے کے بعد سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیخلاف سماعت کے لئے فل کورٹ بنانے کا فیصلہ کیا۔ سپریم کورٹ کے 8 رکنی لارجر بینچ نے پہلے ایکٹ پر حکم امتناعی جاری کیا تھا۔

FOLLOW US