راولپنڈی : سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کو پنڈی سے گرفتار کر لیا گیا۔ شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرازق نے ان کی گرفتاری کی تصدیق کردی ہے، شیخ رشید کے دو بھتیجوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ ان کا کہنا تھاکہ شیخ رشیدکو سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے گرفتار کیا۔ واضح رہے کہ آج عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ستمبر کے آخری ہفتے سے غریب پر گیس کی ستمگیری بھی شروع ہو جائے گی، الیکشن ہوتے ہیں کب ہوتے ہیں کیسے ہوتے ہیں یہ بعد کی بات ہے اب عام آدمی کی بقاء کا مسئلہ ہے، الیکشن سے پہلے آسمانی فیصلے بھی آ سکتے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ٹیکس اشرافیہ پر لگنا چاہیے تھا لیکن اس کے لیے غریبوں کا انتخاب کیا گیا ہے، اصل مسئلہ یہ ہے کہ مڈل کلاس مر گئی ہے لوگ اپنے بچوں کا پیٹ کیسے پالیں؟ پیٹرول کا خرچہ کیسے پورا کریں؟ بجلی کا بل کیسے دیں؟ اور دو وقت کی روٹی کیسے کھائیں؟ فاقہ اور مہنگائی جس گھر میں داخل ہوتی ہے یہ نہیں پوچھتی کہ آپ کی پارٹی کونسی ہے۔ سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ اب اس ملک میں اشرافیہ ہی اپنی مرضی کی زندگی گزار سکتی ہے، غریب کو اندھے کنویں میں دھکا دے دیا گیا ہے، عوام کمائے گی کیا اور کھائے گی کیا؟ بچوں کو پڑھاۓ گی کیا اور مکان کا کرایہ کیسے دے گی؟ جب بجلی اور پیٹرول مہنگا ہوگا تو زرعی اور صنعتی انقلاب کیسے آئے گا؟ ستمبر کے آخری ہفتے سے غریب پر گیس کی ستمگیری بھی شروع ہو جائے گی، کچھ فیصلے زمینی ہوتے ہیں اور کچھ فیصلے آسمانی ہوتے ہیں اور الیکشن سے پہلے آسمانی فیصلے بھی آ سکتے ہیں، الیکشن ہوتے ہیں کب ہوتے ہیں کیسے ہوتے ہیں یہ بعد کی بات ہے اب عام آدمی کی بقاء کا مسئلہ ہے، عام آدمی کی بس ہو گٸی ہے، گلی محلوں میں امن و امان کے مسائل پیدا ہو چکے ہیں کیوں کہ لوگ لوٹ مار کی طرف بڑھ رہے ہیں جو کہ انتہائی پریشان کن ہے۔