Sunday November 24, 2024

راولپنڈی میں غیرملکی کرنسی کے گودام کا انکشاف‘ 8 ملزمان گرفتار

راولپنڈی : صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں غیرملکی کرنسی کے گودام کا پتا چل گیا، 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کرنسی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران راولپنڈی کے علاقے جہلم میں غیر ملکی کرنسی کے گودام کا انکشاف ہوا۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ملزمان کی نشاندہی پر ایف آئی اے سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے راولپنڈی کے علاقے جہلم میں چھاپہ مارا،

جہاں ایچ اینڈ ایچ اور الحمید کرنسی ایکسچینج سے لاکھوں ڈالرز، پاؤنڈ، ریال اور کروڑوں پاکستانی روپے برآمد ہوئے، موقع سے 8 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر جیر نصرانی اور سب انسپکٹر گوہر شاہ و دیگر کی سربراہی میں عمل میں لائی گئی کارروائی کے دوران ابتدائی طور پر ڈیجیٹل لاکر سے 40 کروڑ روپے سے زائد کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی، تاہم پلازے میں اربوں روپے ملکی و غیر ملکی کرنسی چھپائے جانے کا انکشاف ہوا جہاں دیواروں اور زمینوں پر ڈیجیٹل سیف بناکر ان میں رقم چھپائی گئی، مزید ڈیجیٹل لاکرز کھلنے کے بعد برآمد ہونے والی مجوعی رقم کا تخمینہ سامنے آئے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ پلازے اور رقم کے مالک نے قانونی دستاویزات دکھاکر چھاپہ مار ٹیم کو مطمئن کرنے کی کوشش کی، جس کے بعد ڈیجیٹل لاکرز کاٹنے کے لئے منگوائے کٹرز واپس بجھوا دیئے گئے، اس دوران نجی مال پلازہ میں نکلنے والی رقم پر ایف آئی اے اور پلازہ کے مالک کے مابین تلخ کلامی ہوئی تو ایف آئی اے نے معاونت کے لئے پولیس کو طلب کر لیا۔

FOLLOW US