Monday May 20, 2024

تحریک عدم اعتماد کیلئے عمران خان کے بندے توڑنے میں امریکیوں کا بھی کچھ کردار تھا،یہ معاملہ “ایبسولوٹلی ناٹ” سے شروع ہوا، محمود مولوی انکشاف

لاہور : رہنما تحریک استحکام پارٹی محمود مولوی کے انکشافات کے مطابق تحریک عدم اعتماد کیلئے عمران خان کے بندے توڑنے میں امریکیوں کا بھی کچھ کردار تھا، امریکی قونصل جنرل نے میرے گھر میں بیٹھ کر کہا کہ عمران خان ہمیں نقصان پہنچا رہا ہے، یہ اب زیادہ دیر تک چلے گا نہیں۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل سماء نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و اینکر ندیم ملک نے کہا کہ سائفر کی کہانی جھوٹی نہیں تھی، ڈونلڈ لو کی ملاقات ڈاکومینٹڈ ہے، سفیر اسد مجید کا سائفر بھی ریکارڈ کا حصہ ہے، تاہم عمران خان نے اس کا سیاسی فائدہ اٹھایا۔

اس حوالے سے تحریک انصاف کو خیرباد کہہ کر تحریک استحکام پارٹی کا حصہ بننے والے رہنما محمود مولوی کی جانب سے بات کرتے ہوئے تہلکہ خیز انکشافات کیے گئے۔ محمود مولوی نے کہا کہ عمران خان نے سائفر سے سیاسی فائدہ بہت حاصل کیا، بدقسمتی سے ہمارے ہاں لوگ امریکا کے خلاف بات کرنے سے ایکسپلائٹ ہو جاتے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ امریکیوں نے ہماری کئی جگہوں پر کافی مدد کی ہے۔ محمود مولوی نے انکشاف کیا کہ تحریک عدم اعتماد کیلئے عمران خان کے بندے توڑنے کیلئے کسی نہ کسی کا کردار تو تھا، اس میں امریکیوں کا کچھ نہ کچھ کردار تو تھا، جب ملک بچانا ہوتا ہے تو کسی نہ کسی کا کردار تو ہونا تھا، انہیں نقصان ہو رہا تھا۔ یہ معاملہ “ایبسولوٹلی ناٹ” سے شروع ہوا تھا، میری امریکیوں سے بات ہوئی تھی، میرے گھر میں امریکی قونصل جنرل نے بیٹھ کر کہا کہ یہ قبول نہیں کیا جائے گا، آپ کا وزیر اعظم ہمیں نقصان پہنچا رہا ہے، بلکہ آپ کے ملک کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے۔ امریکی قونصل جنرل نے کہا کہ اس حساب سے عمران خان زیادہ دیر چلے گا نہیں۔

FOLLOW US