Saturday November 16, 2024

مسلم لیگ ن کی خاتون رہنما بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑی گئی

لاہور: مسلم لیگ ن کی خاتون رہنما بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑی گئی، لاہور میں مسلم لیگ ن کی ضلعی صدر کے ڈیرے پر ڈائریکٹ کنڈا لگا کر بجلی چوری کی جارہی تھی، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔ ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاون کے دوران لاہور میں اہم کاروائی کی گئی۔ لاہور کے علاقے بلھے شاہ سب ڈویژن کی حدود میں مسلم لیگ ن کی ضلعی صدر صفیہ سعید کے ڈیرے پر ڈائریکٹ کنڈا لگا کر بجلی چوری کی جارہی تھی۔

لیسکو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر کنڈے کے لیے استعمال ہونے والی تار قبضے میں لے کر پولیس کے حوالے کردی۔ لیسکو ترجمان کے مطابق ملزمان نے ڈائریکٹ کنڈ الگا کر لیسکو کو ایک لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا جبکہ ملزمان پہلے بھی لیسکو کے 60ہزار روپے سے زائد کے نادہندہ ہیں جس کی بنا پر ان کا میٹر کاٹ دیا گیا تھا۔ لیسکو حکام کے مطابق ن لیگ کی ضلعی صدر صفیہ سعید کے خلاف بجلی چوری کرنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ بجلی چوروں کیخلاف جاری کریک ڈاون کے دوران بڑی سیاسی جماعتوں سے وابستہ کئی رہنما بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔ دوسری جانب ملک بھر میں بجلی بلوں میں اضافے اور بجلی بحران کی بڑی وجہ سامنے آگئی، جس کے تحت اداروں میں کرپٹ افسران کی ملی بھگت سے بجلی چوری کی جارہی تھی، بجلی چوری والے کرپٹ افسران کے خلاف آپریشن شروع کردیا گیا ہے، آپریشن کے دوران 1914افسران کے خلاف کاروائی کی گئی۔

ڈسٹری بیوشن کمپنیز کے 2199سے زائد بجلی چوری کے مقدمات سامنے آئے۔ رپورٹ کے مطابق لیسکو کے 351، گیپکو کے 138، فیسکو کے 195، آئیسکو 21، میپکو کے 314، پیسکو کے 299، حیسکوکے 112، سیپکو کے 86افسران کے خلاف انکوائری شروع کردی گئی ہے۔

FOLLOW US