Monday January 20, 2025

ملک میں طوفانی بارشوں کی پیشن گوئی پنجاب میں بادل خوب برسیں گے

لاہور : ملک میں طوفانی بارشوں کی پیشن گوئی، مون سون اور مغربی ہواوں کے میلاپ کے باعث پنجاب میں بادل خوب برسیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں ممکنہ طور پر رواں سال کے مون سون کے آخری اسپیل کے قبل از وقت آغاز کے بعد مزید اور طوفانی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ لاہور سمیت ملک کے کئی علاقوں میں 15ستمبر سے بارشوں کے سلسلے کے آغاز کی پیشن گوئی کیگئی تھی، تاہم جمعرات 14 ستمبر کو لاہور سمیت کئی شہروں میں موسلادھار بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا۔

صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت مختلف علاقوں میں جمعرات کے روز ہونے والی بارش سے گرمی کا زورٹو ٹ گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا۔ جمعرات کو مختلف علاقوں میں کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش ہوئی، بارش سے گرمی اور حبس کی شدت میں کافی حد تک کمی آ گئی ۔ ماہرین موسمیات کے مطابق ایک جانب بحیرہ عرب کے راستے مون سون کی ہوائیں ملک میں داخل ہو رہی ہیں، تو دوسری جانب شمالی علاقوں کے راستے مغربی ہواوں کی بھی آمد ہوئی ہے۔

اس لیے آئندہ چند روز کے دوران ملک کے کئی علاقوں میں طوفانی بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے پی ڈی ایم اے نے بھی وارننگ جاری کی ہے کہ آئندہ 5 روزمیں پنجاب کے بالائی علاقوں میں تیز ہوائوں کے ساتھ طوفانی بارشوں کا امکان ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ 15 سے 20 ستمبر کے دوران پنجاب کے بالائی علاقوں میں تیز ہوائوں اور طوفانی بارشوں کا امکان ہے، 16سے 18ستمبر کے دوران جنوبی پنجاب کے اضلاع بارشوں کی زد میں آ سکتے ہیں جبکہ 17سے 19 ستمبر کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع میں ندی نالوں میں پانی کے بہاو میں تیزی کے امکانات ہیں۔ متعلقہ حکام کو کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

FOLLOW US