Sunday January 19, 2025

سابق وفاقی وزیر مونس الہی کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر مونس الہی کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ نجی ٹی وی چینل نیو نیوز کے مطابق وزرات داخلہ نے ایف آئی اے کی سفارش پر سیکرٹری خارجہ آفس کو بھی مراسلہ لکھ دیا۔ خط ایف آئی آر نمبر 16/2023, 18/2023 اینٹی منی لانڈرنگ سرکل لاہور میں درج مقدمے کا لکھا گیا۔ ادھر لیگی رہنما عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی اور مونس الہٰی کو پنجاب میں کرپشن کا حساب دینا ہوگا۔

عطاء تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہمیں نہیں پتہ تھا پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کون ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے پرویز الہٰی کو پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو قرار دیا تھا، بزرگ والد کو چھوڑ کر بیٹا لندن میں عیاشی کر رہا ہے، صرف لاہور کے ماسٹر پلان میں 120 ارب کھائے گئے۔ عطاء تارڑ نے مزید کہا اتنے بڑے مجرم کو کہا جا رہا ہے کہ گھر چھوڑ کر آؤ، تب انصاف یاد نہیں آیا تھا جب پورے پورے خاندان اندر تھے، آج پولیس افسروں پر توہین عدالت لگانے کی باتیں کی جارہی ہیں، پولیس افسروں کا کیا قصور ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس افسروں کو شوکاز نوٹس کی باتیں بھی کی جا رہی ہیں، ایسا آرڈر پاس کرنا کہ مجرم کو گھر تک چھوڑ کر آؤ، توہین عدالت تو آپ پرلگتی ہے، جس شخص پراتنے سنگین الزامات ہیں اس کو آؤٹ آف دی وے کس طرح ریلیف دیا جارہا ہے، عدالتوں سے تھوک کے حساب سےآرڈر دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ایک نئی روایت دیکھی ہے کہ ملزموں کو گھر تک پہنچایا جا رہا ہے، لاہورکے ماسٹر پلان میں 20 سے 40 فیصد تک کمیشن لیا گیا۔

FOLLOW US