اسلام آباد : آرمی چیف جنرل عاصم منیر دورہ ترکیہ پر ہیں جہاں انہوں نےترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے ترک وزرائے خارجہ اور دفاع، ترک جنرل اسٹاف کے کمانڈر اور ترکیہ کی بَری اور فضائی افواج کے کمانڈروں سے بھی ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دورے کا مقصد دونوں برادر ممالک کے مابین فوجی اور دفاعی تعاون کو بڑھانا ہے،
آرمی چیف نے خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے ترک فوج کی کوششوں کو سراہا اور آپریشنل تیاریوں کے معیار کی تعریف کی، ترک رہنماؤں نے رواں سال فروری میں ترکیہ میں آنے والے زلزلے کے دوران پاکستانی آرمی انجینئرز کی پیشہ ورانہ خدمات کا بھی اعتراف کیا۔ آرمی چیف نے انقرہ میں ترکیہ کے عظیم رہنما مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پر حاضری دی اور پھول رکھے۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی ترک لینڈ فورسز کے ہیڈ کوارٹرز آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا جبکہ چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا،وزیر دفاع اور کمانڈر ترک لینڈ فورسز نے دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ان کی پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں لیجن آف میرٹ سے نوازا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات مضبوط اور برادرانہ ہیں جو ہمیشہ قائم رہیں گے،پاک فوج ترکیہ کی بَری افواج کو متعدد شعبوں میں مکمل تعاون فراہم کرنے کے لیے ہمیشہ تیار ہے،پاکستان ہمیشہ اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ مصیبت اور خوشی کے لمحات میں کھڑا رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرتا رہے گا۔