Saturday January 18, 2025

کریک ڈاؤن جاری اور اسمگلنگ بند رہنے کی صورت میں ڈالر 250 تک جا سکتا ہے،ملک بوستان

کراچی : ملک بوستان کا کہنا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں ڈالر 290 روپے تک پہنچ جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان فاریکس ایکسچینج ایسوسی ایشن ملک بوستان نے کہا ہے کہ کریک ڈاؤن پر آرمی چیف کو مبارکباد دیتے ہیں،آرمی چیف نے بیڑا اٹھایا جو سول حکومت کو اٹھانا چاہیے تھا۔ کریک ڈاؤن کی وجہ سے آج پاکستان میں چینی کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں،بجلی اور پیٹرول کی قیمیں بھی کم ہوں گی اور ڈالر کا ریٹ مسلسل کم ہو رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آپریشن جاری اور اسمگلنگ بند رہتی ہے تو ڈالر 250 تک بھی جا سکتا ہے۔رواں ماہ بڑی تعداد میں ایکس چینج کمپنیوں کے کاؤنٹر پر ڈالر فروخت ہونے کیلئے آئے،50 ملین ڈالر اسٹیٹ بینک کو جمع کروا سکیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ کریک ڈاؤن کے باعث یومیہ 20 ملین ڈالر بینکوں میں جمع کرانے کی امید ہے،آپریشن اور کریک ڈاؤن جاری رہتا ہے تو ڈالر مزید نیچے جا سکتا ہے۔ ایکسچینج کمپنیوں نے شکایت کی کہ ڈالر بیچنے والوں کے گھر جا کر تحقیقات کی جا رہی ہیں،حکومت ایک پورٹل بنائے جس میں غیر ملکی کرنسی بیچنے والوں کا نمبر رجسٹر کرے۔ ملک بوستان نے کہا کہ جو غیر ملکی کرنسی فروخت کرنے آئیں ان کو سہولت ملنی چاہیے۔غیر ملکی کرنسی تبدیل کرنے والوں کو تنگ کرنے کے بجائے تحفظ دیا جائے،کرنسی تبدیل کرنے والوں کو تنگ نہ کریں تاکہ وہ دوبارہ بلیک مارکیٹ نہ جائیں۔

یاد رہے کہ انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر سستا ہو گیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالرکی قدر مستحکم رہی۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر2 روپے سستا ہو گیا جس سے ڈالر کی قدر 302 روپے سے گھٹ کر 300 روپے ہو گئی تاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالرکی قدر300 روپے کی سطح پر برقرار رہی۔

FOLLOW US