Sunday January 19, 2025

15 ستمبر تک قومی ایئرلائن بند ہو جانے کا خدشہ

اسلام آباد : 15 ستمبر تک قومی ایئرلائن بند ہو جانے کا خدشہ ظاہر کر دیا گیا۔ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق طیارہ ساز کمپنیوں بوئنگ اور ائیر بس نے طیاروں کے پرزے فراہم کرنے کا پروگرام بند کردیا۔ ذرائع کے مطابق انٹرسٹ سپورٹ پروگرام کے تحت حکومت پی آئی اے پر عائد قرضوں پر سود کی ادائیگی کیلئے ہر سال 23 ارب روپے دیتی ہے جبکہ قرض کی ادائیگی پی آئی اے خود کرتی ہے، گزشتہ سال پی ڈی ایم حکومت نے یہ رقم پی آئی اے کو نہیں دی اور اب نگران حکومت نے بھی ہاتھ کھڑے کررکھے ہیں۔

رقم نہ ملنے کے باعث پی آئی اے کی ادائیگیوں کا توازن بگڑ گیا ہے جبکہ قابل پرواز طیارے 30 سے کم ہوکر 23 ہوئے اور پچھلے 15 دن کے دوران مزید کم ہوکر 16رہ گئے اور اسی باعث پروازیں کم ہونے سے یومیہ آمدنی میں کروڑوں روپے کی کمی ہوگئی۔ اس حوالے سے پی آئی اے کے اعلیٰ انتظامی نے نجی ٹی وی چینل کو بتایا ہے کہ آئندہ دو دن میں پی آئی اے کو فنڈز نہ ملے تو 15 ستمبر سے پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن جاری نہیں رہ سکے گا۔ ادھر پی آئی اے کے متعدد طیاروں کو سعودی عرب اور یو اے ای میں روک لیا گیا۔ دبئی اور دمام ایئر پورٹس پر حکام نے پی آئی اے طیاروں کو ایندھن فراہمی سے بھی انکار کردیا ہے۔ قومی ایئرلائن کے دمام میں ایک طیارے کو جبکہ دبئی ایئرپورٹ پر 4 طیاروں کو ایندھن واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے روک لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے ملازمین کو تاحال اگست کی تنخواہ نہیں ملی،

ایئرلائن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے فلائٹ آپریشن کو جاری رکھنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ ایاٹا نے بھی پی آئی اے کو خدمات کی فراہمی بند کردی تھی، تاہم پی آئی اے کی طرف سے ساڑھے 3 ملین ڈالرکی فوری ادائیگی پر ایاٹا سروس بحال ہوئیں۔ پی آئی اے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ طیارے کم ہونے کے باعث ایئرلاین کی پروازیں محدود ہوگئی ہیں۔ اس وجہ سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی آمدنی میں کروڑوں روپے کی کمی آئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی ایئرلائن کو فنڈز کی شدید قلت کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہونا شروع ہو گیا ہے، اور پی آئی اے کی کراچی سے جانے والی دو طرفہ 14 پروازیں منسوخ کر دی گئیں ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی ایس او سے طیاروں کا ایندھن ملنے میں مشکلات کی وجہ سے کراچی سے تربت، بہالپور، فیصل آباد، اسلام آباد، اور لاہور کی دوطرفہ پروازیں منسوخ کی گئیں، کراچی سے سکھر کی پرواز بھی منسوخ کی گئی۔

FOLLOW US