Sunday November 17, 2024

کسی سیاستدان کیخلاف کارروائی نہیں کی جا رہی، نگران وزیر داخلہ سندھ سندھ میں کسی کے گھر سے کوئی رقم برآمد نہیں ہوئی‘ کوئی سٹاپ لسٹ پر بھی نہیں ہے۔

کراچی : نگران وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) حارث نواز نے کہا ہے کہ سندھ میں کسی سیاستدان کے خلاف کارروائی نہیں کی جا رہی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے کہا کہ سندھ میں کسی کے خلاف سیاسی زیادتی کی جا رہی ہے اور نہ ہی صوبے میں کسی سیاستدان کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے، سندھ میں صرف نیب اور کریمنل کیسز چل رہے ہیں، صوبے میں کوئی سٹاپ لسٹ پر بھی نہیں ہے اور سندھ میں کسی کے گھر سے کوئی رقم برآمد نہیں ہوئی، کسی سیاستدان کے گھر چھاپہ نہیں مارا گیا، ممکن ہے حکومت کو بدنام کرنے کے لئے افواہیں پھیلائی جا رہی ہوں۔

ادھر سندھ رینجرز نے مضبوط مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے، عسکری حکام کی جانب سے رینجرز کو خصوصی احکامات جاری کیے گئے ہیں، رینجرز نے کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف بھی آپریشن کا فیصلہ کیا ہے، اسٹریٹ کرائم سے نمٹنے کے لیے بھی حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے، غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی، سندھ رینجرز کی جانب سے مرطوط حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ بڑی تعداد میں عوامی شکایات کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا، زمینوں پر قبضوں میں ملوث سسٹم کے خلاف بھی لسٹیں تیار کرلی گئی ہیں، غیر قانونی ہائیڈرنٹ چلانے والوں کے خلاف بھی گھیرا تنگ ہو گا، رینجرز کی جانب سے داخلی و خارجی راستوں پر اسمگلنگ کو روکا جائے گا۔ خیال رہے کہ حال ہی میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے کراچی کے تاجروں نے ملاقات کی تھی، اس حوالے سے سینئر صحافی کامران خان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے کراچی میں تقریباً 50 کاروباری شخصیات نے پانچ گھنٹہ طویل ملاقات کی، جس میں معیشت بچاؤ انقلابی مشن اور اسکو کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا، ملک سے ٹیکس چوری، نان فائلر نظام، اسمگلنگ اور سندھ میں کرپٹ “سسٹم” کا خاتمہ ہوگا، ڈالرائزیشن، ایران سے تیل کی اسمگلنگ اور افغانستان سے ٹرانزٹ ٹریڈ اسمگلنگ کا خاتمہ کیا جائے گا، چھ ماہ میں قومی کارپوریشنز کو سدھارا جائے گا جب کہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغانیوں سمیت غیر ملکی شہریوں کو واپس بھیجا جائے گا۔

FOLLOW US