Monday May 20, 2024

پی ٹی آئی رہنما کا اہلیہ سمیت انتقال، کار حادثے کی وجہ سامنے آ گئی

اسلام آباد : ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والے سابق صوبائی وزیر عشر و ذکوة میاں شوکت علی لالیکا انتقال کر گئے ، شوکت لالیکا کو شدید زخمی ہونے کے باعث لاہور کے ہسپتال میں منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زیر علاج تھے اور گزشتہ رو ز خالق حقیقی سے جا ملے۔ٹریفک حادثہ اسلام آباد جاتے ہوئے پیش آیا تھا جس میں شوکت لالیکا شدید زخمی جبکہ ان کی اہلیہ جاں بحق ہو گئی تھیں۔
شوکت علی لالیکا کی نماز جنازہ آج ہفتہ صبح 10 بجے ادا کی جائے گی اور مرحوم کی تدفین چک امیر لالیکا میں کی جائے گی۔ بتایا گیا ہے

کہ میاں شوکت علی لالیکا کی کار اسلام آباد جاتے ہوئے کوٹ مومن کے مقام پر ٹریلر سے ٹکرا گئی تھی۔پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق میاں شوکت علی لالیکا کی کار کا ڈرائیور دورانَ ڈرائیونگ سو گیا تھا کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔ جب کہ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سابق صوبائی وزیر شوکت علی لالیکا اور ان کی اہلیہ کا ٹریفک حادثے کے نتیجے میں انتقال پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہار کیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت اور درجات بلند کرے اور غمز دہ خاندان کو یہ صدمہ حوصلے اور صبر سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی،قائد ایوان سینیٹ سینیٹر اسحاق ڈار، قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی سابق صوبائی وزیر شوکت علی لالیکا اور ان کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے الگ الگ تعزیتی پیغامات میں مرحومین کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے دعا کہ اللہ تعالی مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا کرے۔

FOLLOW US