Sunday November 17, 2024

جے آئی ٹی نے سانحہ 9 مئی میں چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کےبہنوں کو قصور وار قرار دے دیا

لاہور : جے آئی ٹی نے سانحہ 9 مئی میں چیئرمین پی ٹی آئی کو قصور وار قرار دے دیا ، عمران خان کی بہنیں، شاہ محمود قریشی ، اسد عمر سمیت دیگر بھی قصور وار قرار، جے آئی ٹی کی جانب سے جلد چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری ڈالی جائے گی۔ اب تک نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ سانحہ 9 مئی کے واقعات کی تفتیش کرنے والی جے آئی ٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی کو قصور وار قرار دے دیا ہے، مقدمات میں عمران خان کی بہنیں، شاہ محمود قریشی ، اسد عمر سمیت دیگر رہنماؤں کو بھی قصور وار قرار دیا گیا ہے۔

جے آئی ٹی کو تفتیش میں معلوم ہوا کہ جناح ہاؤس میں جلاؤ گھیراؤ چیئرمین پی ٹی آئی کی ایماء اور ہدایت پر کیا گیا، جے آئی ٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی کو تین بار شامل تفتیش کیا۔ جے آئی ٹی اٹک جیل میں بھی چیئرمین پی ٹی آئی کا بیان ریکارڈ کرنے گئی تھی۔ جے آئی ٹی کی فائنڈنگ رپورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی نے تفتیش میں جلاؤ گھیراؤ کرانے کا اعتراف بھی کیا۔ جے آئی ٹی جلد سانحہ 9 مئی میں چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری ڈالے گی۔ جے آئی ٹی کی جانب سے عسکری ٹاور کے جلاؤ گھیراؤ کی تفتیش تاحال جاری ہے۔ اس سے قبل 27 اگست کو خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین ایک بار پھر 9 مئی کے واقعات سے منحرف ہو گئے۔ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے اٹک جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی سے 9 مئی کے واقعات سے متعلق 6 مقدمات میں تفتیش کی۔

ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن عمران کشور سمیت پوری جے آئی ٹی ٹیم نے پی ٹی آئی چیئرمین سے سوالات کیے۔ جے آئی ٹی نے پوچھا کہ 9 مئی کے بارے میں آپ کی جانب سے اشتعال دلانے کے شواہد موجود ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے جواب دیا کہ میں گرفتار ہو گیا تھا، کسی کو فون کر کے اشتعال نہیں دلایا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ جے آئی ٹی نے سوال کیا کہ ایسی ویڈیوز اور کلپس ہیں جن میں مظاہرین آپ کا نام لیتے نظر آتے ہیں، جس پر سابق وزیر اعظم نے جواب دیا کہ کسی کو نہیں اکسایا سب اپنے طور پر کنٹونمنٹ کے علاقے میں گئے، جلاؤ گھیراؤ میں میری پارٹی کے کارکن نہیں، کوئی اور افراد تھے۔ اشتہاری ملزمان اسلم اقبال، حماداظہر اور مراد سعید سے رابطوں کے شواہد پر چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ شواہد ہیں تو رابطے کرنا کون سا جرم ہے، آپ کو جو بات کرنی ہے میرے وکیل سے کریں۔ جس پر جے آئی ٹی حکام نے کہا کہ وکیل کوعدالت میں بلائیں گے، ہم تفتیش کرنے آئے ہیں۔ جے آئی ٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی سے جمعے کو 30 منٹ اٹک جیل میں ملاقات کی۔ واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی پر 9 مئی سے متعلق دہشتگردی کے 6 مقدمات درج ہیں۔

News Source: UrduPoint

FOLLOW US