Saturday May 4, 2024

ڈالرکو ذخیرہ کرکے منافع خوری کرنا حرام ہے،مرکزی علماء کونسل پاکستان

لاہور : ڈالر کو ذخیرہ کرکے منافع خوری کرنا حرام ہے، مرکزی علماء کونسل پاکستان کے دارالافتاء نے اپنے فتویٰ میں کہا ہے کہ مسلمان بالخصوص پاکستانی شہری حرام منافع حاصل کرنے کیلئے غیرشرعی طریقے استعمال نہ کریں بلکہ حلال تجارت کو فروغ دیں۔ چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کی زیر صدارت اجلاس میں مرکزی علماء کونسل کے مفتیان مفتی محمد سلیم نواز مفتی منظور احمد مفتی رب نواز مفتی محمد سلیمان نے متفقہ طور پر فتویٰ جاری کیا ہے

کہ ملک کو معاشی و اقتصادی محاز پر متعدد چیلنجز کا سامنا ہے ایسے حالا ت میں ڈالر خرید کر ذخیرہ کرنا اور قیمت بڑھنے پر اسے فروخت کرکے نفع کمانا ریاست کے ساتھ بے وفائی کے مترادف ہے، مرکزی علماء کونسل پاکستان کے دار الافتاء کی طرف سے جاری فتویٰ میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈالر کو خرید کر اپنے پاس رکھنا اور قیمت بڑھنے پر فروخت کرنا شرعی طور پر اس میں ملوث افراد گناہ کے مرتکب ہوتے ہیں، ڈالر کو ذخیرہ کرکے منافع خوری کرنا حرام ہے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے شہری حلال تجارت کو فروغ دیں اورغیر شرعی طریقے استعمال نہ کریں پاکستان کو معاشی و اقتصادی طور پر مضبوط اور مستحکم کرنے کیلئے ہر تاجر اپنا کردار ادا کرے کسی بھی ملک کی کرنسی اپنے پاس محفوظ کرنا جائز ہے مگر شریعت میں ذخیرہ اندوزی کو منع قرار دیا گیا ہے، اگر حکومت فارن ایکسچینج کمپنیوں میں ایک شخص کو محدود مقدار سے زیادہ ڈالر یا غیر ملکی کرنسی کی فروخت پر کوئی قانونی پابندی عائد کرتی ہے تو شریعت کی رو سے شہریوں پر اس کی پابندی لازم ہے کرنسی کا ذخیرہ کرنے والے افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے موجودہ حالات میں ڈالر کی ذخیرہ اندوزی پاکستان کے خلاف بد ترین معاشی دہشت گردی ہے ڈالر کی اڑان نے ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے۔

FOLLOW US