اسلام آباد: بلوچستان کا منفرد اعزاز، ملکی تاریخ میں 3 اہم عہدوں پر بلوچستان کی اہم شخصیات براجمان ہیں۔آج نگران وزیراعظم کے لیے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کے نام کا اعلان ہوا جن کا تعلق بلوچستان سے ہے۔اس کے علاوہ چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا تعلق بھی بلوچستان سے ہے۔16 ستمبر سے چیف جسٹس بننے والے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ بھی بلوچستان سے ہیں۔ اس طرح بلوچستان کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہو گیا کہ تین اہم عہدوں پر صوبہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والی شخصیات براجمان ہیں۔,
اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے بھی کہا تھا کہ ہماری کوشش تھی نگران وزیراعظم کا تعلق چھوٹے صوبے سے ہو۔بلوچستان عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر انوار الحق کاکڑ 2018 میں سینیٹر منتخب ہوئے۔ انوار الحق کاکڑ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی سمندر پار پاکستانی کے چئیرمین ہیں ۔ ،2008 میں مسلم لیگ ق کی ٹکٹ پر کوئٹہ سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑے جبکہ 2013 میں بلوچستان حکومت کے ترجمان رہے۔خیال رہے کہ وزیرِ اعظم اور قائد حزب اختلاف کے مابین نگران وزیرِ اعظم کی تقرری پر حتمی مشاورتی عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہوا۔ انوارالحق کاکڑ کے نام پر بطور نگران وزیرِ اعظم اتفاق کیا گیا۔ وزیرِ اعظم اور قائد حزب اختلاف نے مشترکہ طور پر دستخط کرکے ایڈوائس صدر پاکستان کو بھجوا ئی، وزیراعظم نے قائد حزب اختلاف کا مشاورتی عمل میں تعاون اور ان 16 ماہ میں بطور بہترین حزب اختلاف کی قیادت پر شکریہ ادا کیا۔ انوار الحق کاکڑ کا نام نگران وزیراعظم کے لیے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کی جانب سے دیا گیا تھا جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اتفاق کیا۔ انوار الحق کاکڑ ملک کے نگران وزیراعظم کے طور پر ذمہ داریاں نبھائیں گے۔انوار الحق کاکڑ کو وزیراعظم کا پروٹوکول دے دیا گیا ہے۔