Wednesday January 22, 2025

عمران خان عدالتوں میں سرخرو ہوں گے اور دوتہائی سے وزیراعظم بنیں گے الیکشن میں پی ٹی آئی اور بلے کو ووٹ پڑے گا۔ علی محمد خان

اسلام آباد : پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء علی محمد خان نے کہا ہے کہ عمران خان عدالتوں میں سرخرو ہوں گے اور دوتہائی سے وزیراعظم بنیں گے، الیکشن میں پی ٹی آئی اور بلے کو ووٹ پڑے گا، پی ٹی آئی پارلیمنٹرین کے خواب دیکھنے پر پابندی نہیں، جتنی بھی جماعتیں بنیں پی ٹی آئی کی روح عمران خان ہیں۔ انہوں نے جیل سے رہائی کے بعد جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 9مئی کا واقعہ بدقسمت واقعہ تھا نہیں ہونا چاہیئے تھا، میں سمجھتا ہوں کہ 9مئی کے واقعے میں جو جولوگ ملوث ہیں ان افراد کو سزا ملنی چاہیئے، ان چند لوگوں کی سزا پوری پی ٹی آئی کو نہیں ملنی چاہیے، جس نے غلط کام نہیں کیا اس کو سیاست اور زندگی میں آگے بڑھنے دینا چاہیئے۔

پی ٹی آئی کی ایسی کوئی جلاؤ گھیرا ؤ یا فوجی تنصیبات پر حملے کی کوئی پالیسی نہیں تھی، نہ عمران خان نے کبھی یہ بات کی۔ میرے علم میں ایسا کوئی منصوبہ نہیں تھا، احتجاج کی کال ضرور دی گئی تھی، لیکن جو لوگ فوجی تنصیبات کی طرف گئے انہوں نے بالکل غلط کیا۔گرفتاری سے پہلے بھی اس کی مذمت کی تھی، کہ 9مئی کا حملہ میرے گھر پر حملہ ہے۔ عمران خان پر ابھی تک فوجی تنصیبات پر حملے کے ماسٹرمائنڈ کا الزام ہے، الزام ٹھیک یا غلط بھی ہوسکتا ہے، اس کو ماپنے کا پیمانہ کیا ہے؟ اب اگرعمران خان کا مقابلہ نہیں ہوسکتا تو ہوسکتا کہ بہانہ بنا کر باہر کرے،چیئرمین پی ٹی آئی کو ایک بیکار کیس میں جیل میں رکھنا ظلم عظیم ہے، اب میں تو ان حملوں میں ملوث نہیں تھا۔

سیاسی احتجاج عوامی جگہوں پر ہوسکتا ہے لیکن حساس جگہوں پر نہیں ہوسکتا، عمران خان نے اس عمل کو برا جانا اور برا سمجھا، پی ٹی آئی نے کسی کو نہیں کہا کہ حساس مقامات پر احتجاج کریں یا ایسی حرکت کریں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ جو بھی سیاسی جماعت پرتشدد ہوتی ہے تو وہ ختم ہوجاتی ہے۔ 2014میں پی ٹی وی پر حملہ کیس میں ہمارے رہنماؤں نے عدالتوں کا سامنا کیا ، اس لئے میں سمجھتا ہوں جو بھی ملوث ہے اس کا انہیں جواب دینا چاہییے۔ علی محمد خان نے کہا کہ ہم عدالتوں میں اپنی قانونی لڑائی لڑیں گے، عمران خان عدالتوں میں سرخرو ہوں گے اور دوتہائی سے وزیراعظم بنیں گے، الیکشن میں پی ٹی آئی اور بلے کو ووٹ پڑے گا، خیبرپختونخواہ میں پی ٹی آئی پارلیمنٹرین والوں کے خواب دیکھنے پر پابندی نہیں، پی ٹی آئی کے نام سے جتنی بھی جماعتیں بنیں لیکن پی ٹی آئی کی روح عمران خان ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی سے فیصلے غلط بھی ہوئے ہیں ٹھیک بھی ہوئے ہیں، عمران خان کو نہیں پتا تھا کہ اسمبلیاں توڑیں گے تو یہ الیکشن نہیں کرائیں گے۔

FOLLOW US