Monday April 29, 2024

ملکی معیشت کو تباہ اور اربوں کی کرپشن معاف کروا کر حکومت اپنے انجام کو پہنچی اب عوام نے ان سے بدلہ انتخابات میں لینا ہے، اسد عمر

اسلام آباد : اسد عمر کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم حکومت بالآخر انجام کو پہنچی۔ تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت نے 16 ماہ میں ملکی معیشت کو تباہ کیا اور عوام کو تاریخ کی بدترین مہنگائی کا سامنا رہا۔ پی ڈی ایم حکومت نے پارلیمان کو بے توقیر اور جمہوریت کو کمزور کیا۔ انکا کہنا تھا کہ آئین سے انحراف اور اربوں کی کرپشن معاف کروا کر بالآخر پی ڈی ایم حکومت اپنے انجام کو پہنچی،اب عوام نے ان سے بدلہ انتخابات میں لینا ہے۔

یاد رہے کہ 13 جماعتوں کی اتحادی حکومت ختم ہو گئی ہے۔ صدر مملکت عارف علوی نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے بھجوائی گئی قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کر دئیے۔
صدر مملکت کی جانب سے وزیر اعظم کی سمری پر دستخط کیے جانے کے بعد قومی اسمبلی کے ساتھ وفاقی کابینہ بھی تحلیل ہو گئی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کئے تھے۔ دستخط کیے جانے کے بعد شہباز شریف کی جانب سے اسمبلی کی تحلیل کی سمری صدر مملکت عارف علوی کو بھجوائی گئی جو صدر نے فوری ہی منظور کر لی۔ صدر مملکت عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 58 ون کے تحت اسمبلی تحلیل کرنے کی منظوری دی۔

تاہم قومی اسمبلی اور وفاقی کابینہ کی تحلیل کے باوجود نگران وزیر اعظم کے انتخاب تک شہباز شریف ہی وزیر اعظم کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔ نگران وزیر اعظم کے انتخاب کیلئے شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے درمیان جمعرات کو ملاقات متوقع ہے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان نگران وزیر اعظم کے نام پر اتفاق نہ ہونے کی صورت میں الیکشن کمیشن نگران وزیر اعظم کے انتخاب کا فیصلہ کرے گا۔

FOLLOW US