راولپنڈی : شیخ رشید کا کہنا ہے کہ حکمران عوام میں جانے کے قابل نہیں اس لیے مردم شماری کے نام پر تاخیر ی حربے استعمال کر رہے ہیں۔نگران وزیراعظم کا نام ابھی فضاء میں لٹک رہا ہے ایک دو روز میں زمین پر اتر آئے گا۔تفصیلات کے مطابق سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ آج اسمبلیوں کی تحلیل ہونے کا آخری دن ہے اور حکومت جاتے جاتے بجلی صارفین پر 721 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈال کر جا رہی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ آئین میں 90 دن کے اندر انتخابات کرانے لازمی ہیں،نئی مردم شماری کے بعد الیکشن کمیشن کے فیصلے کا انتظار ہے۔آئینی معاملات کا فائدہ ان کو ہو گا جو الیکشن میں تاخیر چاہتے ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ مارچ میں سینیٹ کے الیکشن بھی ہونے ہیں،پہلے ہی آئین کھائی میں گرا ہوا ہے،شاید مزید گہری کھائی میں گر جائے۔ پاکستان کے سارے سیاسی فیصلے عدالتوں میں ہیں اور عدالتوں کے گرد گھوم رہے ہیں،لوگوں کے چولہے نہیں جل رہے انہیں سیاست کے چولہے جلنے میں کوئی دلچسپی نہیں۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ معاشی تباہی،سیاسی انتشار،آئینی بربادی اور قانون کا مذاق پاکستان کی سیاست کا مقدر بن گیا ہے۔ بلاول کہتا ہے ایسا میثاق جمہوریت چاہیے کہ مجھے اور مریم نواز کو 30 سال کے لیے آسان راستہ مہیا کر دیا جائے۔اگر انہوں نے 15 ماہ اتنی ترقی کر لی ہے تو الیکشن سے کیوں بھاگ رہے ہیں،عوام میں کیوں نہیں جا رہے؟۔ کل جو آئین کے تحفظ کا بھاشن دیتے تھے آج وہ 90 دن کی آئینی مدت کو بڑھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 25 بار ہم ائی ایم ایف کے پاس گئے ہیں کیونکہ ہماری کوئی چیز ٹھیک نہیں،اسٹاک ایکسچینج ایک دن میں ایک ہزار پوائنٹ گری ہے اور ڈالر 302 کا ہو گیا ہے۔ عدلیہ کو ستمبر میں جانے سے پہلے اہم فیصلے آئین اور قانون کے مطابق سنا دینے چاہئیں۔
آج اسمبلیوں کی تحلیل ہونے کا آخری دن ہے اور حکومت جاتے جاتے بجلی صارفین پر 721 ارب روپے کا 6 روپے مزید بنیادی یونٹ کے اضافے کا بوجھ ڈال کے جا رہی ہے نگران وزیراعظم کا نام ابھی فضاء میں لٹک رہا ہےایک دو روز میں زمین پر اتر آئے گاکیوں کے عوام میں جانے کے قابل نہیں ہیں اس لیے مردم…
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) August 9, 2023