اسلام آباد : کون بنے گا نگران وزیر اعظم؟ معروف ماہر معیشت خاموشی سے پاکستان پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعظم کے انتخاب سے قبل اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ بھی نگران وزیر اعظم بننے کی دوڑ میں شامل ہیں۔ بیرون ملک مقیم ڈاکٹر حفیظ شیخ پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ سابق وزیر خزانہ 2 دن قبل کراچی پہنچے، انہوں نے پاکستان پہنچنے کے بعد ملاقاتوں کا آغاز کر دیا۔ دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ کل ہماری حکومتی مدت ختم ہوجائے گی، اقتدار نگران حکومت کے حوالے کردیں گے، کل میں نے اپنی حکومت کی آخری میٹنگ کی تھی، میں جنرل عاصم منیر اوروفاقی اور صوبائی حکومتوں سمیت پوری ٹیم کا شکرگزار ہوں۔
یہاں واضح رہے کہ وزیر داخلہ رانا ثناء نگران وزیر اعظم کے امیدواروں کی فہرست میں ڈاکٹر حفیظ شیخ کا نام شامل ہونے کی تصدیق کر چکے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے پروگرام میں یہ انکشاف کیا کہ نگران وزیراعظم کے لیے سابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ اور سپریم کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج کا نام بھی شارٹ لسٹ ہونے والوں میں شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نگران وزیراعظم کے لیے شارٹ لسٹ ہونے والوں میں اسحاق ڈار اور شاہد خاقان عباسی کا نام شامل نہیں۔ یاد رہےکہ حفیظ شیخ تحریک انصاف کے دور حکومت میں سابق وزیراعظم عمران خان کے مشیر خزانہ اور پھر وفاقی وزیر خزانہ بھی رہ چکے ہیں، وہ سینیٹ میں اسلام آباد کی نشست سے تحریک انصاف کے امیدوار بھی رہے، انہیں پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے مقابلے میں شکست ہوئی تھی۔