Wednesday January 22, 2025

اب پانی کا بھی ہزاروں روپے بل دینا ہو گا واسا کی جانب سے200 فیصد اضافہ۔۔

لاہور : اب پانی کا بھی ہزاروں روپے بل دینا ہو گا، واسا کی جانب سے رہائشی صارفین کیلئے پانی کے ٹیرف میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق واسا نے پانی کے بلوں میں 2 سوفیصد تک اضافہ کر دیا ہے۔ واسا کی جانب سے پانی کے بلوں میں اضافے کے تناسب کے مطابق سات مرلہ گھر کا بل ساڑھے پانچ سو کی بجائے 1500 روپے ماہوار ہوگیا ہے۔ اسی طرح دس مرلے کے گھر کا بل 650 سے بڑھ کر 1800 روپے اور ایک کنال گھر کا بل 1300 سے بڑھ کر تین ہزار سے زائد ہوگیا ہے۔

واسا حکام کے مطابق واسا پانچ ارب روپے سالانہ خسارہ برداشت کرتی ہے جس کی بنیادی وجہ بجلی، پٹرول اور دیگر اخراجات کا بڑھنا ہے لہذا مجبوراً واسا کے بلوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ عوام پر پانی کے بلوں میں اضافے کا بم اس وقت گرایا گیا ہے جب ناقابل برداشت مہنگائی عوام کی کمر پہلے ہی توڑ چکی۔ پاکستان میں مہنگائی کی صورتحال سے متعلق تشویش ناک رپورٹ سامنے آئی ہے۔ دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں مہنگائی کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے سامنے آنے والے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ پاکستان خطے کا مہنگا ترین ملک بن چکا۔ بتایا گیا ہے کہ خطے کا واحد دوالیہ ہو جانے والا ملک سری لنکا بھی پاکستان سے سستا ہے، پاکستان میں مہنگائی کی شرح سری لنکا سے بھی زائد ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

سری لنکا میں 2023 کے دوران مہنگائی کی شرح 28 اعشاریہ 5 رہی، جبکہ پاکستان میں مہنگائی کی سالانہ شرح 29 فیصد سے زائد رہی۔ جبکہ آئی ایم ایف رپورٹ کے مطابق آنے والے سالوں میں سری لنکا میں مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی ہو گی، جبکہ پاکستان اگلے کئی سالوں تک خطے کا مہنگا ترین ملک رہے گا۔ آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں مہنگائی 2024 میں کم ہوکر21 اعشاریہ 9 اور2025 میں مزید کم ہوکر 10 اعشاریہ 5 تک آنے کی توقع ہے، 2026 سے 2028 تک مہنگائی بالآخر 6 اعشاریہ 5 فیصد کے سنگل ڈیجٹ تک آجائے گی تاہم خطے کے ممالک کے مقابلے میں یہ بلند شرح ہوگی۔ جبکہ سری لنکا میں مہنگائی 2024 میں نمایاں کمی کے بعد 8 اعشاریہ 7 فیصد ، 2025 میں 5 اعشاریہ 6 فیصد، 2026 میں 5 اعشاریہ 2 فیصد، 2027 میں 5 اعشاریہ 1 فیصد اور 2028 میں 5 فیصد رہنے کی پیش گوئی ہے۔

FOLLOW US