کراچی : جشن آزادی پر باجا بجانے اور خرید و فروخت پر پابندی عائد، کراچی کی ملیر کورٹ کی جانب سے 14 اگست پر باجے بجا کر عوام کو پریشان کرنے والے افراد کیخلاف کاروائی کرنے کا حکم۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد کراچی کی مقامی عدالت نے جشن آزادی کے موقع پر باجا بجانے اور باجوں کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کروا دی ہے۔ کراچی ملیر کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ سید انور علی شاہ نے جشن آزادی کے موقع پر باجے کے استعمال اور خریدو فروخت سے متعلق ایس ایچ او شرافی گوٹھ اور سچل کو باجے بجانے والوں اور فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔
منگل کے روز ہوئی سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیئے کے جشن آزادی کے موقع پر باجے بنا کرعوام کو پریشان کیا جاتا ہے، باجے بجانے والوں کیخلاف کارروائی کرکے عدالت کو آگاہ کیا جائے۔ دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر سرکاری ملازمین کو ہفتہ وار تعطیلات کے ساتھ ایک اضافی تعطیل مل جائے گی۔ گزشتہ ماہ کے اختتام پر ایک ساتھ 3 تعطیلات سے مستفید ہونے والے سرکاری ملازمین کو اب دوبارہ ایک ساتھ 3 تعطیلات ملنے کا امکان ہے۔ اسٹیٹ بینک نے عام تعطیل سے متعلق اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق 14 اگست کوعام تعطیل ہو گی جس وجہ اسٹیٹ بینک بند رہے گا۔
پاکستان کا مرکزی بینک بند ہونے کی وجہ سے تمام بینک بھی تعطیل کریں گے، واضح رہے کہ یوم آزادی کے موقع پر 14 اگست میں ملک بھر میں عام تعطیل ہوتی ہے۔ تمام بینک 15 اگست بروز منگل کوصارفین کے لئے معمول کے مطابق کھلیں گے۔وفاقی ملازمین کو ہفتہ اور اتوار کو سرکاری تعطیل ہوتی ہے، یوم آزادی بروز پیر کو ہونے کی وجہ سے سرکاری ملازمین تین دن چھٹیوں سے مستفید ہوں گے۔ ملک کے جن علاقوں میں سرکاری ملازمین ہفتہ اور اتوار کو چھٹی کرتے ہیں ان سرکاری ملازمین کو پیر 14 اگست کو بھی چھٹی ہو گی، وفاقی حکومت کی جانب سے 14 اگست کی تعطیل کا اعلان ابھی نہیں کیاگیا ہے۔ حکومت کی جانب سے 14 اگست کی عام تعطیل کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا۔