Monday November 18, 2024

چئیرمین پی ٹی آئی کو نااہل نہیں کیا گیا، انہیں 3 سال کی سزا ہوئی۔بیرسٹر گوہر علی خان

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کے وکیل بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ عمران خان کو 3 سال کی سزا ہوئی ہے،انہیں نااہل نہیں کیا گیا۔بیرسٹر گوہر علی خان نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے بھی کہہ دیا ہے کہ چئیرمین پی ٹی آئی نااہل نہیں ہیں۔جب کہ لیگی رہنما بیرسٹر ظفر اللہ نے کہا ہے کہ قانونی طور پر عمران خان کی تین سال کی سزا کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل کی جائے تو یہ معطل ہو سکتی ہے۔

یاد رہے کہ ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے گزشتہ ہفتے چیئرمین پی ٹی آئی کو تین سال قید کی سزا سنائی تھی جس کے بعد عمران خان کو زمان پارک سے گرفتار کرکے اٹک جیل منتقل کیا گیا تھا۔ چیئرمین تحریک انصاف نے پہلی رات اٹک جیل کی ہائی سکیورٹی بیرک میں گزاری، چیئرمین پی ٹی آئی کو رات کا کھانا اور صبح کا ناشتہ جیل مینول کے مطابق دیا گیا، سابق وزیراعظم کو نماز فجر کے بعد ناشتے میں بریڈ سلائس، فرائی و ابلا ہوا انڈا، مکھن اور چائے دی گئی۔ جیل ذرائع نے بتایا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے رات کا کچھ حصہ سو کر بھی گزارا، وہ نماز تہجد کیلئے بھی اٹھے اور نماز فجر ادا کر کے جیل کا مہیا کردہ ناشتہ کیا، چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل مینول کے مطابق دیگر سہولیات تولیہ، ٹشو پیپر، منرل واٹر، عینک، تسبیح، گھڑی، کرسی، زمین پر سونے کے لئے میٹرس فراہم کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈسڑکٹ جیل اٹک میں سابق وزیر اعظم نواز شریف سمیت سابق وزرائے اعلیٰ و دیگر سیاسی شخصیات بھی ماضی میں قید رہ چکی ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کو بھی اسی سکیورٹی بیرک میں رکھا گیا ہے جہاں میاں نواز شریف بھی کچھ عرصہ قید رہے۔

جیل ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کو قید کے دوران بیٹر کلاس میں رکھا گیا تھا جس میں ٹی وی، اخبار، لکھنے پڑھنے کیلئے کتب، سٹیشنری، ایئر کنڈیشن یا روم کولر، چھوٹا فریج و بستر اور مشقتیوں کی اجازت ہوتی ہے تاہم چیئرمین پی ٹی آئی کیلئے ان سہولیات کو ہوم ڈیپارٹمنٹ یا عدالت کی اجازت سے مشروط کیا گیا ہے۔

FOLLOW US