Sunday January 19, 2025

بجلی ڈھائی سے 6 روپے تک مزید مہنگی ہونے کا امکان بجلی صارفین پر 144 ارب 68 کروڑ روپے اضافی بوجھ پڑے گا

اسلام آباد: حال ہی میں بجلی کی قیمت میں 7 روپےسے زائد کا اضافہ کیے جانے کے بعد اب حکومت نے بجلی مزید مہنگی کرنے کیلئے کمر کس لی ہے۔ مہنگی ترین بجلی کا ایک اور جھٹکا عوام کو دینے کی تیاری کر لی گئی۔ دنیا نیوز کے مطابق بجلی ڈھائی سے 6 روپے تک مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے۔بجلی صارفین پر 144 ارب 68 کروڑ روپے اضافی بوجھ پڑے گا۔ نیپرا درخواست پر 23 اگست کو سماعت کرے گا۔ اضافہ 3 ماہ کی اقساط کی صورت میں کاٹا جائے گا۔ یہاں واضح رہے کہ ماہر معیشت اور تحریک انصاف کے ترجمان برائے معاشی امور مزمل اسلم نے انکشاف کیا ہے کہ ایسے صارفین جو سب سے کم بجلی استعمال کرتے ہیں، ان کیلئے 14 ماہ میں بجلی کا یونٹ 13 روپے تک، یعنی 125 فیصد مہنگا کر دیا گیا۔

مزمل اسلم کے مطابق 100 یونٹ استعمال کرنے والا صارف آج سے 14 ماہ پہلے 7.74 روپے فی یونٹ کی قیمت ادا کر رہا تھا جو آج 16.48 روپے ہو چکی ہے۔ 200 یونٹ بجلی استعمال کرنے والا ایک سال پہلے 10.6 روپے فی یونٹ ادا کر رہا تھا اور اب 22.95 روپے ادا کرے گا۔ 300یونٹ استعمال کرنے والا ایک سال پہلے 12.15 روپے فی یونٹ ادا کر رہا تھا اور اب اس کی قیمت 27.14 روپے ہو گئی ہے، 400 یونٹ پرایک سال پہلے 19.55 روپے ادا کیے جا رہے تھے جو اب 32.3 روپے ہو چکی، 500 یونٹ استعمال کرنے پر 19.55 روپے ادا کرنے والا صارف اب 35.24 روپے ادا کرے گا۔ مزمل اسلم کے مطابق 600 یونٹ کے استعمال کی قیمت 19.55 روپے سے بڑھ کر 36.68 روپے ہو چکی ہے، 700 اور اس سے زائد یونٹ کی بجلی استعمال کرنے والے صارفین جو 22.65 روپے فی یونٹ ادا کر رہے تھے اب 42.72 روپے ادا کریں گے، جس کے گھر میں 1000 یونٹ بجلی استعمال ہو گی 42.72 روپے فی یونٹ کے حساب سے 43ہزار روپے ادا کرے گا، 2500 یا 3000 یونٹ استعمال کرنے والے صارف کا ماہانہ بجلی کا بل 2 لاکھ روپے ہو جائے گا، جبکہ اس پر فیول سرچارج، سہ ماہی سرچارج ، انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس لگنے کے بعد فی یونٹ قیمت 60 روپے بن جائے گی۔

مزمل اسلم کے مطابق 300یونٹ استعمال کرنےوالے صارفین کا بل تمام ٹیکسز ملا کر 10.5 سے 11 ہزار روپے تک بن جائے گا، 300 یونٹ استعمال کرنے والے زیادہ تر صارفین کی تنخواہیں 20 سے 25 ہزار روپے ہیں، جس کا بجلی کا بل 10 سے 11 ہزار روپے ہو گا وہ کیسے گزارا کرے گا؟۔ مزمل اسلم نے انکشاف کیا ہے کہ بجلی کی قیمت میں یہ اضافہ آئی ایم ایف کی شرائط کی وجہ سے نہیں ہوا،بجلی کی قیمت میں اضافے کی وجہ در اصل بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں کا نقصان میں ہونا ہے، 50 روپے فی یونٹ کے حساب سے خریدی جانے والی بجلی میں ایندھن صرف 7 روپے کا استعمال ہو گا، ن لیگ کی گزشتہ حکومت کے کیے گئے معاہدوں کی وجہ سے بجلی بنانے والے کارخانوں کو 15 روپے فی یونٹ کرائے کی ادائیگی کرنی ہو گی، جو لوگ بجلی چوری کرتے ہیں اس چوری شدہ بجلی کے بل بھی ہمیں ادا کرنے ہوں گے۔

FOLLOW US