Friday November 22, 2024

پولیس کا علی امین گنڈا پور کی گرفتاری کیلئے گھر پر چھاپہ گھر سے غلیلیں،سیلاب اور کورونا ریلیف کا سامان برآمد ہوا

ڈی آئی خان : پولیس نے علی امین گنڈا کے گھر چھاپہ مارا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس نے ڈیرہ اسماعیل خان میں صدر پی ٹی آئی خیبر پختو نخوا علی امین گنڈا پور کی رہائش پر ان کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا ہے،چھاپے کے وقت علی امین گنڈا پور گھر پر موجود نہیں تھے۔ علی امین گنڈا پور کے اہلخانہ نے الزام لگایا کہ پولیس گھر سے تین گاڑیاں اور قیمتی سامان لے گئی۔ جبکہ پولیس پولیس کے مطابق علی امین گنڈا پور کے گھر سے سیلاب اور کورونا ریلیف کا سامان جبکہ غلیلیں اور ڈنڈوں کے تھیلے برآمد ہوئے۔ پولیس نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور نے نگران وزیراعلٰی کے پی اعظم خان کو خط لکھ کر الزامات لگائے تھے،خط میں عوام کو نگران وزیراعلٰی کیخلاف اکسایا گیا اور کارروائی اسی خط کی بنیاد پر کی گئی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی خیبر پختو نخوا کے صدر علی امین گنڈا پور نے نگران وزیراعلٰی اعظم خان کو خط لکھا تھا،علی امین گنڈا پور نے خط میں نگران وزیراعلٰی خیبر پختو نخوا کو پی ٹی آئی وفد سے ملاقات کی درخواست کی۔ خط میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کا وفد صوبے کے حالات اور معاملات پر بات چیت کرنا چاہتا ہے،ہم نے صوبائی اسمبلی تحلیل کی تاکہ آئین کے مطابق 90 روز میں انتخابات ہوں۔ علی امین گنڈا پور نے خط میں لکھا کہ نگران وزیراعلٰی کے پی اعظم خان نے حلف اٹھانے کے بعد آئینی فرض پورا نہیں کیا اور بروقت انتخابات کروانے میں ناکام رہے،پی ڈی ایم کے لیڈرز کو شامل کر کے نگران صوبائی کابینہ بنائی گئی۔ جبکہ سانحہ 9 مئی کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے متعدد سینئر رہنماؤں کو اشتہاری قرار دیا گیا جن میں علی امین گنڈا پور کا نام بھی شامل تھا۔ میاں اسلم اقبال، مراد سعید ، فرح حبیب اور حماد اظہ سمیت 22 افراد کو اشتہاری قرار دیا گیا

FOLLOW US