اسکردو : پاکستان کے بین الاقوامی ائیرپورٹ کی تعداد میں اضافہ کرنے کی تیاریاں مکمل، اسکردو ائیرپورٹ پر بین الاقوامی فلائٹس آپریٹ کرنے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے، ائیرپورٹ پر پہلی بین الاقوامی پرواز 14 اگست کو لینڈ کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار، سکردو ہوائی اڈے پر بین الاقوامی پروازوں کے آغاز کی تیاریاں مکمل کر لیں، یوم آزادی کے موقع پر پی آئی اے دبئی سے سکردو کی براہ راست پروازوں کا آغاز کرے گا۔
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان کی طرف سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق یہ سکردو ایئرپورٹ کی پہلی بین الاقوامی پرواز ہوگی۔ سکردو ائیرپورٹ پر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور پرواز پر بکنگ کا آغاز کردیا گیا ہے، تاریخی پرواز پر سفر کرنے کیلئے ہوابازی کے شوقین افراد خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں ۔ پہلی پرواز پر مسافروں کو دنیا کی بلند ترین چوٹیوں اور دلکش جھیلوں کے نظارے بھی کروائے جائیں گے۔ پرواز دبئی سے سکردو اور وہاں سے اسلام آباد آئے گی جس میں براہ راست سکردو کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کے مسافر بھی سفر کرسکیں گے۔ یہاں واضح رہے کہ اگست کے ماہ میں پاکستان کے بین الاقوامی ائیرپورٹ کی تعداد میں 2 مزید ائیرپورٹ کا اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ 14 اگست سے اسکردو ائیرپورٹ کو بین الاقوامی ائیرپورٹ کا اسٹیٹس حاصل ہو جائے گا، جبکہ رواں ماہ کے دوران ہی گوادر میں زیر تعمیر پاکستان کو دوسرا بڑا اور جدید ترین بین الاقوامی ائیرپورٹ بھی آپریشنل ہو جانے کا امکان ہے۔
ایکسپریس ٹریبون کی رپورٹ کے مطابق سی پیک منصوبے کے تحت 23 کروڑ ڈالرز کی لاگت سے تعمیر کیا گیا گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ آپریشنل ہونے کے مراحل میں ہے۔ گوادر ائیرپورٹ کا جلد افتتاح کر دیا جائے گا، منصوبے کی افتتاحی تقریب میں ایک اعلیٰ سطحی چینی وفد افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے پاکستان آئے گا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے ای) نے ایئرپورٹ کو کلیئر اور فلائٹ آپریشن کے لیے مکمل طور پر تیار قرار دیتے ہوئے اس کی حفاظتی جانچ مکمل کر لی ہے۔ جدید ترین ہوائی اڈہ مختلف قسم کے طیاروں کو ہینڈل کرنے کے لئے لیس ہو گا۔