Sunday January 19, 2025

وزیر اعظم نے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی حتمی تاریخ کا اعلان کر دیا

اسلام آباد : وزیر اعظم نے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی حتمی تاریخ کا اعلان کر دیا، وزیر اعظم شہباز شریف کے مطابق 9 اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کر دی جائے گی، نگران سیٹ اپ کیلئے تمام جماعتوں سے مشاورت کروں گا، اپوزیشن لیڈر اور میں نگران وزیر اعظم کے نام کا فیصلہ کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تاریخ بتا دی اور کہا ہے کہ 9 اگست کو اسمبلیاں تحلیل کردی جائیں گی۔

ارکان پارلیمنٹ کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ 15 ماہ میں تمام تنقید کے باوجود ریاست کو بچایا، آج ہمارا ضمیر مطمئن ہے کہ ہم نے سیاست کی قربانی دے کر ملک کو بھنور سے نکالا، مشکل وقت میں حکومت سنبھالی، ہر طرف خطرات تھے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز میں ہماری حکومت ختم ہو جائے گی، کوشش ہے کہ سب کیلئے قابل قبول نگران سیٹ اپ تشکیل دیا جائے۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اتحادی حکومت کے تعاون سے ہر مشکل پر قابو پایا، آئی ایم ایف سے معاہدہ آسان نہیں تھا، یہ پل صراط بھی عبور کیا۔ اس سے قبل جمعرات کے روز اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ قوموں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بعض اوقات مشکل فیصلے کرنا پڑتے ہیں، سیاست کرتے ہوئے 38 سال ہوگئے۔

سپہ سالاروں سے ملاقاتیں رہیں حکومت میں بھی اور اپوزیشن میں بھی۔ سپہ سالاروں سے ملنے کا ایک ہی مقصد ہوتا تھا کہ ملک ترقی کرے۔ یار دوست طعنہ دیتے رہے کہ یہ تو اسٹیبلشمنٹ کا آدمی ہے لیکن مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ میرا کوئی ذاتی مفاد نہیں تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواہش ہے کہ اسلام آباد کی حکومت اور راولپنڈی کی اسٹیبلشمنٹ اور دیگر ادارے مل کر مشاورت کریں اورپاکستان کو وہاں لے کر جائیں جس کے لیے قائد اعظم نے خواب دیکھا تھا اور عظیم قربانیاں دی گئی تھیں۔

FOLLOW US