Saturday November 23, 2024

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف تاجر الائنس کا سڑکوں پر آنے کا اعلان

کراچی : چیئر مین کراچی تاجر الائنس ویلفیئر ایسوسی ایشن ایاز میمن موتی والانے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف سڑکوں پر آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں 20روپے فی لیٹر اضافہ مہنگائی اور غربت کی ماری عوام کے ساتھ ظلم و زیادتی کے مترادف ہے ایسے فیصلوں سے لوگوں کی زندگیوں میں مشکلات بڑہیں گی مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا جبکہ ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ماہ میں پہلے ہی مجموعی طور پر29فیصد کے قریب مہنگائی میں اضافہ ہوچکا ہے، ان خیالات کا اظہارانہوںنے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا،

ایاز میمن موتی والانے کہا کہ حکمران اپنی عیاشیوں کا خرچہ غریب عوام کی جیبوں سے نکال رہے ہیں جبکہ غریب انسان دووقت کی روٹی سے بھی تنگ ہوچکا ہے ، آٹا، دال ، چاول ، چینی، دودھ کوئی ایسی چیز نہیں ہے جس کے نرخوں میں اضافہ نہ ہوا ہے پٹرول کے نرخوں میں مزید اضافے سے مہنگائی بڑھے گی حکومت کو صرف آئی ایم ایف کے ساتھ کی جانے والی ڈیل یاد ہے جبکہ عوام کے ساتھ کئے جانے والے وعدے اور بلند وبانگ دعوے بھول چکے ہیں،بجلی و گیس کے نرخ تو پہلے سے ہی روزانہ کی بنیاد پر بڑھ رہے تھے ، اب پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے ہر چیز کا ریٹ بھی خودبخود ہی بڑھ جائیگا ، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان میں آئی ایم ایف کی حکومت ہے جو وہ چاہتے ہیں بالکل ویسا ہی ملک میں ہوتا ہے ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ہوشربا اضافے سے مہنگائی کا طوفان آئیگا جو غریبوں کی مشکلات کو مزید بڑھا دیگا

FOLLOW US