اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما افتخار درانی کو اسلام آباد میں گرفتار کر لیا گیا۔ میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ افتخار درانی کی گرفتاری کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں،جبکہ ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن کے مطابق افتخار درانی کے گھر چھاپہ مارا گیا اور توڑ پھوڑ کی گئی۔گھر کے دروازے توڑ دئیے گئے،موبائل فونز اور لیپ ٹاپ بھی ساتھ لے گئے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے اپنے بیان میں کہا کہ افتخار درانی اپنے گھر نہیں بلکہ عارضی جائے پناہ میں مقیم تھے،چھاپہ مار ٹیم سی سی ٹی وی فوٹیج بھی ساتھ لے گئی۔ ترجمان کے مطابق رہنما پی ٹی آئی کے اہلخانہ اب تک ان کے بارے میں لاعلم اور رابطے سے محروم ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں تحریک اںصاف کی خاتون رہنما سیمابیہ طاہر ستی کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔
سیمابیہ طاہر کو ن لیگی رہنما عطا تارڑ کی جانب سے الزامات کے بعد گرفتار کیا گیا۔ ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ عطا تارڑ نے سیمابیہ طاہر پر الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ سیمابیہ کارکنوں کو وکلا کی وردی میں عدالت لانے کی ٹریننگ دے رہی ہیں اور ہم نے اس حوالے سے آئی جی کو بتا دیا ہے۔ جبکہ 27 جولائی کو ہی پولیس نے معروف ٹک ٹاکر اور پی ٹی آئی سپورٹر منیب خان کو جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے مقدمے میں گرفتار کیا تھا۔ عدالت نے شناخت پریڈ کے لیے ملزم منیب علی خان کو جیل بھیج دیا تھا،پولیس نے ملزم منیب کو چہرے کو ڈھانپ کر پیش کیا۔عدالت نے ملزم منیب علی کو پانچ اگست کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ 9 مئی کو چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کی جانب سے ملک بھر میں پرتشدد ہنگامے کیے گئے تھے،سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا اور فوجی تنصیبات پر حملے کیے گئے تھے۔