Sunday January 19, 2025

قمر زمان کائرہ نے نگران سیٹ اپ کیلئے تحریک انصاف سے مشورے کی تجویز دے دی

اسلام آباد : قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ اسمبلیاں مدت پوری کر رہی ہیں اور التواء کا کوئی راستہ نہیں،مجھے کیوں یقین نہ ہو کہ انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق رہنما پیپلز پارٹی اور وزیراعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ نے اے آر وائے نیوز کو انٹر ویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ مردم شماری پر ایم کیو ایم کو اعتراض ہے اور انتخابات بھی اسی کے تحت چاہتے ہیں،اگر ان کے مطالبات مان لئے جائیں تو ایک سال تک انتخابات نہ ہوں،یہ نا ممکن ہے۔

مردم شماری کی وجہ سے کسی صورت الیکشن ملتوی نہیں ہو سکتے۔ انکا کہنا تھا کہ 4 ماہ سے اتنی بحث ہوئی کہ اسمبلیوں کی مدت میں توسیع ہو گی تو ہم کہہ رہے تھے توسیع نہیں ہو گی۔اب نگران سیٹ اپ کی توسیع کی بات پر بھی ہم کہتے ہیں ایسا نہیں ہو گا۔ قمر زمان کائرہ نے نگران سیٹ اپ کیلئے تحریک انصاف سے مشورے کی تجویز دے دی اور کہا کہ سیاسی طور پر تحریک انصاف نگران سیٹ اپ کیلئے اسٹیک ہولڈر ہے،مشاورتی عمل کیلئے تو آئین دو لوگوں کا کہتا ہے لیکن باقی جماعتیں کیا جماعتیں نہیں؟ مشیر وزیراعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی سمیت دیگر جماعتوں کے خیالات کو بھی ساتھ لیکر چلنا چاہیے،ایسے فیصلے کریں جو ان کو قبول ہوں یا پھر کم سے کم اعتراض نہ ہو۔

قمر زمان کائرہ نے تحریک انصاف کے زیرِ عتاب ہونے سے متعلق کہا کہ اگر پی ٹی آئی حکومت یا کسی کے زیر عتاب ہے تو نہیں ہونا چاہیے،ہر جماعت کو لیول پلئنگ فیلڈ ملنی چاہیے۔ عدالتی حکم نہ ہو تو ہر جماعت کو الیکشن میں حصہ لینے کا اختیار ہے،پارٹیاں بنتی اور ٹوٹتی رہتی ہیں جو ہمارے ملک کی بدقسمتی ہے۔ قبل ازیں قمر زمان کائرہ نے کہا کہ نئی پارٹیوں کے قیام کا مطالبہ کر کے نئی مردم شماری کے انعقاد کی بنیاد پر انتخابات میں تاخیر ممکن نہیں۔انتخابی اصلاحات کا عمل شروع ہو چکا ہے اور الیکشن کمیشن اپنے مخصوص وقت اور مدت پر انتخابات کرانے کی تیاریوں میں مصروف ہے۔

FOLLOW US