Thursday January 23, 2025

ان کی ویگو گاڑیاں واپس لی جائیں، مفت پٹرول بند کیا جائے، رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو

لاہور: حکومتی رہنماوں کی بڑی گاڑیاں واپس لینے اور مفت پٹرول سہولت بند کرنے کا مطالبہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جی ڈی اے سے تعلق رکھنے والی خاتون رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے پر حکومتی جماعتوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سائرہ بانو نے کہا کہ جب یہ لوگ اپنی جیب سے پٹرول ڈلواتے ہیں نہیں ہیں تو انہیں عوام کا احساس کیسے ہو گا؟ ان کی ویگو گاڑیاں واپس لی جائیں، مفت پٹرول بند کیا جائے۔

یہ وہ لوگ ہیں جو پٹرول بم کے نعرے لگاتے تھے،مہنگائی مارچ کرتے تھے۔ یہ لوگ کہا کرتے تھے کہ ہمارا نام بدل دینا، اب بتائیں کس کا نام بدلیں؟ کیا کریں؟۔ واضح رہے کہ پٹرولیم مصنوعات مہنگی کیے جانے کے حوالے سے اہم انکشافات ہوئے ہیں۔ دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق اوگرا کی جانب سے حکومت کو پٹرولیم مصنوعات 10 روپے مہنگی کرنے یا قیمتوں کو برقرار رکھنے کی تجاویز دی گئی تھیں، تاہم وزارت خزانہ نے ناصرف اوگرا کی تجاویز مسترد کیں، بلکہ حیران کن طور پر قیمتوں میں 20 روپے تک کا اضافہ کر دیا۔

بتایا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے اب ایک لیٹر پٹرول پر 100 روپے سے بھی زائد ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے۔ حکومت نے عالمی منڈیوں سے 85 ڈالر فی بیرل کے حساب سے تیل خریدا، بین الاقوامی ٹیکس اور سرچارج شامل کر کے تیل کی قیمت 92 ڈالر 82 سینٹ فی بیرل بنتی ہے، پٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 166 روپے 37 پیسے فی لٹر بنتی ہے۔ تمام تر ٹیکسز عائد کرنے کے بعد بھی پٹرول کی قیمت 260 روپے فی لٹر بنتی تھی، تاہم حکومت نے پٹرول پر کل 104 روپے ٹیکسز عائد کر کے قیمت 270 روپے کر دی۔

FOLLOW US