Tuesday April 23, 2024

کسی شخص نے کبھی اسٹیبلشمنٹ کو اتنا نہیں ڈرایا جتنا میں نے ڈرایا چئیرمین پی ٹی آئی کا امریکی جریدے کو انٹرویو

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ کسی شخص نے کبھی اسٹیبلشمنٹ کو اتنا نہیں ڈرایا جتنا میں نے ڈرایا۔ انہوں نے امریکی جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے بعد نئے سماجی معاہدے کی ضرورت ہے۔جنہوں نے مجھے مارنے کی کوشش کی وہ اب اقتدار میں بیٹھے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ مجھے مارنے کی کوشش کرنے والے گھبرائے ہوئے ہیں۔
ان لوگوں کو ڈر ہے واپس آیا تو ان کا احتساب ہو گا۔عمران خان نے کہا کہ کسی شخص نے کبھی اسٹیبلشمنٹ کو اتنا نہیں ڈرایا جتنا میں نے ڈرایا۔ اگر سابق آرمی چیف کو کرپشن مسئلہ نہیں تھا تو کچھ نہیں ہو سکتا تھا، میں بے بس تھا۔عمران خان نے مزید کہا کہ ملک میں اس طرح کا کریک ڈاؤن کبھی نہیں ہوا جو آج کل ہو رہا ہے۔

دوسری جانب قائمقام برطانوی ہائی کمشنر اینڈریو ڈینگلش نے زمان پارک میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے خصوصی ملاقات کی جس میں دوطرفہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال اورپاکستان میں جمہوریت کے فروغ و استحکام، دستور کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی پر تحریک انصاف کے وژن پر بات چیت کی گئی ۔ ملاقات میں قائمقام ڈپٹی ہائی کمشنر زو ویئر اور سیاسی مشیر طلال رضا بھی موجود تھے۔تحریک انصاف کے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستان میں بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بین الاقوامی سطح پر اس کے خلاف پائی جانے والی تشویش کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ عمران خان نے کہا کہ آئین و قانون کی بالادستی تحریک انصاف کے سیاسی ایجنڈے کے کلیدی نکات ہیں، جمہوریت کی بنیاد انسانی حقوق کے فروغ و تحفظ پر استوار ہے، تحریک انصاف عوامی رائے کی بنیاد پر سیاسی عمل کو آگے بڑھانے اور بحرانوں کا حل نکالنے پر یقین رکھتی ہے۔

FOLLOW US