Sunday January 19, 2025

ملک میں معاشی ابتری اور بدحالی کے باوجود سودی بینکاری صنعت خوب منافع کما رہی ہےاور ان کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز ملک کے سب سے زیادہ تنخواہ پانے والے ملازم ہیں

اسلام آباد: ملک میں معاشی ابتری اور دیگر شعبوں میں بدحالی کے باوجود سودی بینکاری صنعت خوب منافع کما رہی ہے اور اس کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز ملک کے سب سے زیادہ تنخواہ پانے والے ملازم ہیں۔ نیوز ویب سائٹ ’پروپاکستانی‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں بینکنگ انڈسٹری کے 10سب سے زیادہ تنخواہ پانے والے چیف ایگزیکٹو آفیسرز کی ایک فہرست مرتب کی ہے جو درج ذیل ہے:۔

عرفان صدیقی۔ صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر میزان بینک
عرفان صدیقی پاکستان کی بینکاری صنعت میں سب سے زیادہ تنخواہ پانے والے شخص ہیں۔ 2022ءمیں انہوں نے 42کروڑ 20لاکھ روپے تنخواہ لی، جو ان کی 2021کی 30کروڑ 60لاکھ روپے کی تنخواہ سے 37فیصد زیادہ تھی۔سال 2022ءمیں ان کی قیادت میں میزان بینک نے 45ارب روپے منافع کمایا۔
محمد اورنگزیب۔ صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر حبیب بینک لمیٹڈ
محمد اورنگ زیب نے سال 2021ءمیں 26کروڑ50لاکھ روپے تنخواہ لی تھی جو 2022ءمیں بڑھ کر 30کروڑ 70لاکھ روپے ہو گئی۔ گزشتہ سال اس بینک نے 34ارب 40کروڑ روپے منافع کمایا۔
شہزاد دادا۔ صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ
شہزاد دادا نے 2022ءمیں 26کروڑ 90لاکھ روپے تنخواہ لی۔ جو گزشتہ سال کی نسبت بہت کم تھی۔ 2021ءمیں انہوں نے ریکارڈ 34کروڑ روپے تنخواہ وصول کی تھی۔ گزشتہ سال ان کی قیادت میں بینک نے 32ارب روپے منافع کمایا۔

ریحان شیخ ۔ صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک
ریحان شیخ نے سال 2021ءمیں 19کروڑ 40لاکھ روپے اور سال 2022ءمیں 24کروڑ 40لاکھ روپے تنخواہ لی۔ گزشتہ سال سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک نے 19ارب 84کروڑ روپے منافع حاصل کیا، جو 2021ءکی نسبت 45فیصدزیادہ ہے۔
عاطف باجوہ۔ صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر بینک الفلاح
عاطف باجوہ نے 2021ءمیں 18کروڑ 70لاکھ روپے اور 2022ءمیں 22کروڑ 50لاکھ روپے تنخواہ پائی۔ ان کی قیادت میں گزشتہ سال بینک نے سال بہ سال شرح سے 27فیصد منافع حاصل کیا۔

ظفر مسعود۔ صد ر و چیف ایگزیکٹو آفیسر بینک آف پنجاب
ظفر مسعود نے 2021ءمیں 13کروڑ 40لاکھ روپے تنخواہ وصول کی تھی، جو 2022ءمیں 4کروڑ 70لاکھ روپے اضافے سے 18کروڑ 10لاکھ روپے ہو گئی۔
منصور علی خان ۔ صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر بینک الحبیب
گزشتہ سال منصور علی خان کی تنخواہ میں 3کروڑ 80لاکھ روپے (29فیصد) کا اضافہ ہوا۔ 2022ءمیں انہوں نے 16کروڑ 60لاکھ روپے تنخواہ پائی جو 2021ءمیں 12کروڑ 80لاکھ روپے تھی۔
یوسف حسین۔ صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر فیصل بینک
یوسف حسین کی تنخواہ میں گزشتہ سال 2کروڑ 90لاکھ روپے (21فیصد) اضافہ ہوا۔ 2021ءمیں ان کی تنخواہ 13کروڑ 70لاکھ روپے تھی جو 2022ءمیں بڑھ کر 16کروڑ 60لاکھ روپے ہو گئی۔گزشتہ سال فیصل بینک نے 11ارب 40کروڑ روپے منافع حاصل کیا۔

محسن علی ناتھانی۔ صدر وچیف ایگزیکٹو آفیسر حبیب میٹرو بینک
محسن علی ناتھانی نے 2022ءمیں16فیصد اضافے سے 14کروڑ 40لاکھ روپے تنخواہ پائی جو 2021ءمیں 12کروڑ 40لاکھ روپے تھی۔ گزشتہ سال حبیب میٹرو بینک نے 14ارب 90کروڑ روپے منافع ہوا۔
شعیب ممتاز۔ صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر ایم سی بی بینک
دسویں نمبر پر شعیب ممتاز نے 2022ءمیں ساڑھے 10کروڑ روپے تنخواہ وصول کی۔ سال 2021ءمیں ان کے پیشرو عمران مقبول نے 23کروڑ 30لاکھ روپے تنخواہ اور دیگر مراعات لی تھیں۔

FOLLOW US