لاہور : انسداد دہشتگردی عدالت نے توڑ پھوڑکیس میں سابق وزیرمملکت فرخ حبیب کی عبوری ضمانت مسترد کر دی ، یاسمین راشد، میاں اسلم اقبال اور زبیر خان نیازی کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیدیا۔عدالت نے استفسار کیا کہ کیا ملزمان شامل تفتیش ہوگئے تفتیشی افسر نے جواب دیا یہ شامل تفتیش نہیں ہوئے، ملزمان کے وکیل نے کہا کہ ان مقدمات پر جے آئی ٹی بن چکی ہے، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ابھی جے آئی ٹی بنی ہی نہیں آپ جائیں اور جا کر شامل تفتیش ہوں۔
تفصیلات کے مطابق جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر انسداد دہشتگردی عدالت میں سماعت ہوئی، پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد، میاں اسلم اقبال زبیر خان نیازی عدالت پیش ہوئےعدالت نے زبیر خان نیازی، ڈاکٹر یاسمین راشد، اسلم اقبال سمیت دیگر کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا جبکہ عدم پیروی پر فرخ حبیب کی عبوری ضمانت مسترد اور دیگر شریک تین ملزمان کی عبوری ضمانت میں 7 اپریل تک توسیع کر دی۔پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کی جانب سے وکلاء نے حاضری معافی کی درخواست دائر کی جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔یاد رہے پی ٹی آئی رہنماؤں پر پولیس نے جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کا مقدمہ تھانہ شاد مان میں درج کر رکھا ہے۔