Saturday January 25, 2025

پی ٹی آئی کی سیاست سہولت کاروں کے گرد گھومتی ہے‘ اب جوڈیشل اسٹبلشمنٹ ڈھونڈلی، مریم نواز کا الزام

لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی سیاست سہولت کاروں کے اردگرد گھومتی ہے، ہم خیال ججز کے بچوں کو پانامہ فیصلے کا پہلے سے علم تھا، ان ججز کے فیملی ممبرز کے ٹوئٹر اور فیس بک اکاؤنٹس چیک کرلیں، جنرل باجوہ نے بھی ججز کی بیگمات کا ذکر کردیا ہے کہ ہمارے خلاف فیصلے ذاتی عناد اور ججز کی بیگمات اور انکے بچوں کے کہنے پر دیئے گئے۔ لاہور میں لائرز ونگ کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی چیف آگنائزر مریم نواز کا کہنا تھا کہ وکلا مسلم لیگ ن کا ہراول دستہ ہے، نوازشریف نے ’ووٹ کو عزت دو‘ کا بیانیہ دیا اور وکلا نے اس بیانیے کو آگے بڑھایا، لائرز ونگ نے قانون اور آئین کیلئے آواز بلند کی۔

مریم نواز نے کہا کہ ہم الیکشن سے نہیں ڈرتے، ہم الیکٹ ہو کر آتے ہیں سلیکٹ ہوکرنہیں، ایک شخص کی سیاست بیساکھیوں کے گرد گھومتی ہے، جسے عدلیہ نے بلایا اور وہ پیش نہیں ہوا، کبھی پلستراور کبھی جان کو خطرہ ہے کا بہانہ کیا، نوازشریف کے مقابلے میں اسے کسی نے انگلی بھی نہیں لگائی، نوازشریف کے ساتھ ناانصافیاں ہوئیں، انہیں بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکالا گیا، ایک شخص کو 12،12 مقدمات میں 5 منٹ میں ضمانت مل جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ سے تحفے سب نے لئے مگر عمران خان نے چوری کی، عمران خان کو پتہ ہے مقدمات سچے ہیں اس لئے وہ عدالتوں سے بھاگ رہے ہیں، عمران خان نے توشہ خانہ سے تحفے پہلے لیے، معمولی ادائیگی بعد میں کی، عمران خان کی اہلیہ کی توشہ خانہ سے متعلق آڈیوز بھی سامنے آئیں، توشہ خانہ کے تحائف بیچنے کے بعد رقم جمع کروائی گئی اور جب اس کیس میں پولیس عدالتی احکامات کی تکمیل کیلئے جاتی ہے تو حملہ ہوتا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان کیلیےانتخابات بہت ضروری ہیں، ہم الیکشن سے فرار نہیں چاہتے، ہم الیکشن لڑیں گے بھی اور جیتیں گے بھی، آئین توڑنے والے پر آرٹیکل 6 لگتا ہے، پرویز الہی اسمبلی توڑنا ہی نہیں چاہتے تھے، ملک میں انارکی پھیلانے کیلیے اسمبلیاں توڑی گئیں، الیکشن ہوگا تو آدھے ملک میں نگراں حکومت ہوگی، پنجاب اور کے پی کا الیکشن الگ کرنا کیا آئین کی خلاف ورزی نہیں، ریاست ایک شخص کے کہنے پر نہیں چل سکتی، ریاست کو اس شخص کو پوری قوت سے روکنا ہوگا ورنہ ملک غلط ہاتھوں میں چلا جائے گا۔ چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن نے کہا کہ سپریم کورٹ نے 0-5 کے تناسب سے عمران خان کو آئین توڑنے والا کہا، حکومت کو عمران خان کو سزا دلوانے کیلئے عدالت سے رجوع کرنا چاہیے، آئین توڑنے پر پیٹیشن فائل نہ کرنا حکومت کی کمزوری ہے، دیر نہیں ہوئی آئین توڑنے پر پٹیشن فائل ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثناءاللہ کا پنجاب میں تنظیم کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ہے، لائرز ونگ ن لیگ کا ہراول دستہ ہے، لائرز ونگ استقامت سے قدموں پر کھڑا ہے، اسے مستحکم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں گے، نوازشریف نے ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ دیا، الیکشن کیلئے تیار ہیں تاہم لیول پلئینگ فیلڈ چاہتے ہیں، الیکشن لڑیں گے اور ضرور جیتیں گے۔

FOLLOW US