Thursday April 25, 2024

رواں سال ایمرجنسی لگ سکتی یا پھر نگران اور نیوٹرل حکومت بھی آسکتی ہے۔ سینئررہنماء پیپلزپارٹی کی پیشگوئی

کراچی : پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئررہنماء منظور وسان کا کہنا ہے کہ رواں سال ایمرجنسی لگ سکتی یا پھر نگران اور نیوٹرل حکومت بھی آسکتی ہے، عمران خان کی گرفتاری اب کوئی اہمیت نہیں رکھتی، رواں سال ملک میں بڑے فیصلے اور تبدیلیاں ہوں گی۔ روزنامہ جنگ کے مطابق مرکزی رہنماء پیپلزپارٹی منظور وسان نے اپنے بیان میں کہا کہ رواں سال ملک میں بڑے فیصلے اور تبدیلیاں ہوں گی نگراں سیٹ اپ آسکتا یا پھر کچھ وقت کیلئے نیوٹرل حکومت قائم ہوسکتی، اسی طرح ملک میں ایمرجنسی لگنے کا بھی امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن وقت پر ہوتے نہیں دیکھ رہا ہوسکتا ہے اکتوبر سے بھی آگے چلے جائیں، لیکن پیپلزپارٹی وقت پر الیکشن چاہتی ہے۔ حکومت کے پاس جب فنڈز نہیں ہوں گے تو پھر الیکشن کا انعقاد بھی مشکل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ بھی ہوسکتا ہے پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش ہورہی ہے، عمران خان کی گرفتاری اب کوئی اہمیت نہیں رکھتی، بڑے فیصلے اور تبدیلیاں ہوں گی، مختلف سیاسی جماعتوں میں دھڑے بندیاں شروع ہوں گی، عمران خان کو اقتدار میں آتا نہیں دیکھ رہا۔ پیپلزپارٹی کے حکومت میں آنے کے زیادہ چانسز ہیں، مسلم لیگ ن بھی حکومت میں آنے کیلئے ہے۔ دوسری جانب وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان آئین شکنی میں سہولت کار کا کردار ادا کرتے رہے، ایک سیاسی جماعت ملک کے استحکام سے کھیل رہی ہے۔ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ ملک میں آئین توڑا گیا، آئین شکنی کی گئی، اسمبلی تحلیل اور آئین شکنی پر آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کیوں نہیں کی گئی۔ ملک کو کمزور کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر سازشیں ہو رہی ہیں۔ بیرونی سازش میں اندرونی مہرے استعمال ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ میں 78 لاکھ خاندانوں کو سستا آٹا فراہم کرے گی، ذخیرہ اندوزوں ، مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

FOLLOW US