لاہور: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ان کے سوشل میڈیا فوکل پرسن اظہر مشوانی کو آج دوپہر لاہور سے اغوا کیا گیا ہے۔ اپنی ٹوئٹ میں عمران خان نے کہا کہ اظہر مشوانی کو کہاں رکھا گیا پتا نہیں چل رہا ہے، 18 مارچ کو سینیٹر شبلی فراز، عمرسلطان کو اسلام آباد پولیس نے تشدد کا نشانہ بنایا، حسان نیازی کو ضمانت ملنے کے بعد پولیس نے گرفتار کیا، پنجاب پولیس پی ٹی آئی کو نشانہ بنانے کیلئے تمام قوانین توڑ رہی ہے، پولیس افسران پی ٹی آئی کیخلاف تشدد اور اغوا میں ملوث ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ آئی جی پنجاب اور دیگرافسران کی تصاویر انسانی حقوق کے اداروں کو بھیج رہا ہوں، اظہر مشوانی کو فوری طور پر رہا کیا جائے، بس بہت ہوگیا! پنجاب اور اسلام آباد پولیس ڈھٹائی سے قوانین کی دھجیاں اڑا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حسان نیازی کوضمانت ملتےہی اٹھالیاگیا، قید میں رکھنےکیلئے جھوٹا مقدمہ ڈالا گیا۔ ادھر اظہر مشوانی کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ اظہر مشوانی دن 3 بجے سے لاپتہ ہیں، اظہر مشوانی گھر سے زمان پارک کیلئے روانہ ہوئے تھے۔علاوہ ازیں پی ٹی آئی کا دعویٰ ہے کہ اظہر مشوانی کو ان کےگھر کے باہر سے حراست میں لیا گیا۔فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ اظہر مشوانی کو نامعلوم افراد نے لاہور سے اغوا کیا۔