Tuesday May 7, 2024

پاکستان میں 6.8 شدت کے زلزلے سے نو اموات، 44 زخمی: پی ڈی ایم اے

پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ منگل کی شب آنے والے زلزلے سے خیبر پختونخوا میں نو افراد کی اموات ہوئی ہیں جبکہ 44 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے پی کے کے جانی کردہ بیان کے مطابق صوبے کے 19 گھروں کو زلزلے سے جزوی طور پر نقصان بھی پہنچا ہے۔ زلزلے میں جان سے جانے والوں کا تعلق خیبر، باجوڑ، لوئر دیر، سوات اور ایبٹ آباد سے ہے جبکہ زخمی ہونے والوں کی تعداد کا نصف یعنی 22 افراد کا تعلق لوئر دیر سے ہے۔ کرم، مردان اور صوابی میں لوگ زخمی ہوئے ہیں۔

پاکستان، انڈیا، چین اور افغانستان سمیت متعدد مقامات پر منگل کی رات زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ پاکستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی ہے۔ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے (این ڈی ایم اے) اور دیگر متعلقہ اداروں کو کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔
منگل کی رات آنے والے زلزلے کے جھٹکے اتنے شدید تھے کے لوگ گھروں سے باہر نکل آئے، اور واٹس ایپ پیغامات اور فون کالز کے ذریعے خیریت دریافت کرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ پاکستان کے محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ زلزلے کا مرکز افغانستان میں کوہ ہندوکش کا علاقہ تھا۔ بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ زلزلے کی گہرائی 180 کلومیٹر تھی۔ دوسری جانب امریکی جیولاجیکل سروے کے مطابق افغانستان میں آنے والے زلزلے کی شدت 6.5 ریکارڈ کی گئی ہے۔

FOLLOW US