Sunday January 19, 2025

آئی ایم ایف کی کڑی شرائط، وفاقی حکومت کا بیت المال کو فنڈز نہ دینے کا فیصلہ

اسلام آباد : آئی ایم ایف کی کڑی شرائط عائد کیے جانے کے بعد وفاقی حکومت نے بیت المال کو فنڈز نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ناداروں کی مدد کرنے والا پاکستان بیت المال حکومتی فیصلے کے بعد شدید مالی مشکلات کے بھنور میں پھنس گیا ہے۔حکومت کی جانب سے غریبوں کی کفالت کے ذمہ دار ادارے کو اپنے اکاؤنٹ میں موجود رقم کے استعمال کی اجازت بھی نہیں مل سکی ہے۔

ایم ڈی بیت المال عامر فدا پراچہ نے کہا ہے کہ ہمیں اس سال 6 ارب روپے کا بجٹ ملا جو گزشتہ برس سے کم ہے،وزارت کے ذریعے وزیراعظم کو رمضان پیکج کیلئے مزید تین ارب کی درخواست بھجوائی تو آئی ایم ایف کی شرائط کا بتا کر صاف جواب دے دیا گیا انہوں نے بتایا کہ میں نے گزارش کی تھی کہ ہمیں مزید فنڈز دیا جائیں۔ ایک اکاؤنٹ میں اسی حوالے سے کچھ پیسے پڑے ہوئے ہیں۔ ہمیں وہ پیسے دے دئیے جائیں جو ہم استعمال کر سکیں۔ تو اس پر ہمیں یہ جواب آیا کہ نہیں یہ آئی ایم ایف کے متصادم ہے۔ اور مزید ہم اس پہ آپ کو فنڈز نہیں دے سکتے۔

FOLLOW US