چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 2 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کیلئے لاہورہائیکورٹ آمد ہوئی،عمران خان قافلے کی صورت میں عدالت پیش ہوئے تاہم اس بار کارکنان کی تعداد کم تھی۔ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری بھی عمران خان کے ہمراہ تھے۔عمران خان کو بلٹ پروف شیلڈ کے سائے میں گاڑی سے اتار کر کمرہ عدالت میں لایا گیا۔ ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان کی گاڑی کے پاس سے پسٹل برآمد ہوا ہے۔ پولیس نے پسٹل اپنے قبضے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پسٹل ممکنہ طور پر کسی پولیس اہلکار کا ہے جو گاڑی کے پاس گرا۔دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کیخلاف پنجاب میں درج مقدمات کی تفصیلات پیش کر دی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق پنجاب میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف مجموعی طور پر 6 مقدمات درج ہیں،عمران خان کو 2 مقدمات میں ڈسچارج کیا جا چکا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف 4 مقدمات میں تفتیش زیر التوا ہے،سابق وزیراعظم کیخلاف تھانہ سرور روڈ اور ریس کورس میں تفتیش جاری ہے،جبکہ ان کیخلاف مدینہ ٹاون اور نیوائیر پورٹ راولپنڈی میں مقدمات خارج کیے جا چکے ہیں۔ خیال رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں و کارکنوں پر عمران خان کی ممکنہ گرفتاری پر احتجاج اور پولیس اہلکاروں پر حملے کے خلاف مقدمہ تھانہ کھنہ اسلام آباد میں درج کیا گیا تھا۔ مقدمہ ایس ایچ او کھنہ اور سب انسپکٹر کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مقدمہ میں انسداد دہشتگردی ، کار سرکار میں مداخلت، راستہ روکنے، پولیس اہلکاروں پر حملہ آور ہونے سمیت دیگر دفعات بھی شامل کی گئیں۔مقدمہ میں عمران خان، شاہ محمود قریشی سمیت مقامی قیادت اور نامعلوم ملزم شامل کیے گئے۔عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف کراچی میں احتجاج کے معاملے پر بھی پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔