اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کو بات چیت کے لیے راضی کریں حکومت کو میں راضی کرتا ہوں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمرزمان کائرہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عمران خان عدالت گئے تو معاملہ ٹھیک ہو گیا کسی نے کچھ نہیں کہا،عمران خان جب عدالت نہیں جاتے تو مسئلہ ہوتا ہے۔ عمران خان کے ساتھ آئے لوگوں نے پولیس پر حملہ کیا،رائے عامہ کا احترام اپنی جگہ لیکن کیا پولیس پر حملہ ٹھیک ہے ؟
۔قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ عوام کو پولیس کے سامنے مزاحمت کا کوئی حق نہیں۔موجودہ صورتحال میں سب کو بیٹھنا چاہیے اور بات چیت کرنی چاہیے۔قمر زمان کائرہ نے بڑی پیشکش کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ عمران خان کو بات چیت کے لیے راضی کریں حکومت کو میں راضی کرتا ہوں۔ قبل ازیں بدھ کو پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کافی عرصہ سے پاکستان میں جاری کشمکش کا شاخسانہ یہ نکلا کہ ایک بار پھر عمران خان جیتا اور قانون بے بس ہوا،کل سے زمان پارک کی ہیجانی صورتحال نے ساری قوم کو اپنی گرفت میں لے رکھا ہے ،یہ سنجیدہ صورتحال ہے،عمران خان کے کارکن کہہ رہے ہیں کہ ان کو گرفتار نہیں ہونے دینا،یہ حکومت وقت کا گرفتاری کا حکم نہیں خالصتاً عدالتی حکم پر عملدرآمد تھا ،اگر وہ عدالتی نوٹس پر پیش ہوتے تو یہ نوبت ہی نہ آتی،عمران خان قانون سے بالا اپنے رویے پر عمل پیرا ہیں،جب نوٹس دینے پولیس گئی تب بھی ان کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا گیا ،عدالت نے 13 مارچ کا وقت دیا لیکن پیش نہیں ہوئے،سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آج ریاست کہاں کھڑی ہے، عدالت کے حکم پر عمل نہیں ہوتا ،عمران خان اپنے کارکنوں کو اشتعال دلانے کے لئے ایک مفروضہ پر مبنی ویڈیو بیان جاری کرتے ہیں،عمران خان کو اسلام آباد کی عدالت میں پیش ہونے پر خطرہ ہے لیکن ریلیوں میں خطرہ نہیں۔