Friday January 24, 2025

راجہ ریاض کا عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ چیئرمین پی ٹی آئی دہشت گرد تنظیم کے چیئرمین بن چکے ہیں

فیصل آباد : اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی راجہ ریاض نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق راجہ ریاض نے کہا ہے کہ شاہ محمود قریشی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بلائیں،اجلاس میں تمام ممبران سی ای سی اور ایم این ایز کو بلائیں۔ اجلاس میں عمران خان کو پارٹی عہدے سے فارغ کیا جائے،سابق وزیراعظم دہشت گرد تنظیم کے چیئرمین بن چکے ہیں،پی ٹی آئی کو بنانے کا مقصد فوت ہو چکا ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی عمران خان پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ یہ شخص مایوسی کا شکار ہیں،اداروں کی قیادت کو کمزور کرنے کا گھناؤنا کھیل کھیل رہا ہے۔

وزیراعظم نے فوج اور اس کے سربراہ کیخلاف بیرون ملک مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف کیخلاف مہم نا قابل برداشت اور اداروں کیخلاف سازش کا تسلسل ہے،زہریلی سیاست کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ذریعے پھیلایا جا رہا ہے،بیرون ملک مقیم محب وطن پاکستانی فارن فنڈڈ مہم کیخلاف آواز بلند کریں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی اس مہم کا حصہ نہ بنیں،عمران خان اداروں اور ان کے سربراہوں کو اپنی سیاست میں گھسیٹ کر آئینی شکنی کر رہے ہیں۔ انہوں نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے اندر غلیظ مہم چلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے جبکہ افرا تفری،فساد اور بغاوت کو ہوا دینے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پہلی بار میرٹ پر لگنے والے آرمی چیف کے مہم ملک دشمنوں کا ایجنڈہ ہی ہو سکتا ہے،قوم اپنے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور شرپسندوں کیخلاف متحد ہے۔ جبکہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ افسران کے خلاف جھوٹ بول کر عوام کو اکسانا جرم ہے،سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف پراپیگنڈہ اور جعلی وڈیوز پر آپریشن کلین اپ کریں گے۔

FOLLOW US