Friday April 26, 2024

تحریک انصاف کے ورکرز نے دوبارہ زمان پارک کا کنٹرول سنبھال لیا

لاہور : تحریک انصاف کے ورکرز نے دوبارہ زمان پارک کا کنٹرول سنبھال لیا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کی دوپہر کو پولیس کی جانب سے عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک میں کیے گئے آپریشن کے باوجود شام کے وقت پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد دوبارہ پارٹی چئیرمین کی رہائش گاہ پہنچ گئی۔ پولیس آپریشن کے باوجود پی ٹی آئی کارکنوں نے عمران خان کی لاہور آمد سے قبل ہی کینال روڈ پر دوبارہ رکاوٹیں کھڑی کر دیں، زمان پارک کا کنٹرول سنبھال لیا۔ جبکہ زمان پارک پولیس آپریشن پر نگران حکومت کا ردعمل بھی آ گیا۔ نگران وزیراطلاعات عامر میر کا کہنا ہے کہ زمان پارک سے نو گو ایریا ختم کر رہے ہیں۔ عامر میر نے مزید کہا کہ پولیس پر حملوں کے باعث مختلف مقدمات درج کیے گئے تھے،پرتشدد واقعات میں ملوث افراد کے خلاف آپریشن کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ ہفتے کے روز زمان پارک کے باہر تجاوزات کیخلاف پولیس کا آپریشن کیا گیا۔

پولیس نے سڑکوں پر لگے خیمے اکھاڑ دیے۔ پنجاب پولیس چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائش گاہ کا گیٹ توڑ کر اندر داخل ہو گئی۔پولیس نے عمران خان کی رہائش گاہ کا دروازہ کرین کی مدد سے توڑا۔عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک کے اندر واٹر کینن کا استعمال کیا گیا۔زمان پارک سے متعدد کارکنان کو گرفتار کیا گیا۔پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا جس کے باعث اہلکار زخمی ہو گئے،زمان پارک اور گرد و نواح میں انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی، جبکہ سندر داس روڈ سے زمان پارک آنے والے راستے بھی ٹریفک کیلئے بند کر دیے گئے۔

FOLLOW US