Sunday November 24, 2024

پولیس کا شبلی فراز، مراد سعید اور فرخ حبیب پر بھی لاٹھی چارج کارکنان کا بھی پولیس پر پتھراؤ

اسلام آباد : اسلام آباد میں پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں آمنے سامنے آ گئے ہیں،پی ٹی آئی کارکنوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا،پولیس نے بھی کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی گاڑی جوڈیشل کمپلیکس میں داخل ہو گئی۔پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا جبکہ پولیس کی جانب سے کارکنان پر لاٹھی چارج کیا گیا۔

پولیس کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شبلی فراز، مراد سعید اور فرخ حبیب پر بھی لاٹھی چارج کیا گیا۔ذرائع کے مطابق شبلی فراز کے سر پر لاٹھی لگ گئی۔لاٹھی لگنے سے متعدد کارکنان زخمی ہو گئے۔جبکہ آنسو گیس کی شیلنگ سے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر دھوئیں کے بادل چھا گئے،پی ٹی آئی کارکنوں نے بم اسکواڈ کی گاڑی پر بھی دھاوا بولا۔ آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان کے مطابق عمران خان کا قافلہ جوڈیشل کمپلیکس کے قریب تھا کہ کارکنوں نے پتھراؤ کر دیا۔پولیس غیر مسلح ہے اور کسی قسم کا کوئی تشدد نہیں کیا جارہا،ہماری ایک چوکی پر آگ لگا دی۔راستہ بالکل صاف ہے،بس ایک موڑکاٹنا ہے وہ عدالت پہنچ جائیں گے،وہ اپنے کارکنوں کو سنبھالیں اور عدالت پہنچیں۔ دوسری جانب چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے خدشے کے باعث اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ نیب سمیت کسی بھی ادارے کو گرفتاری سے روکا جائے۔ درخواست میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے آج سماعت کی استدعا کی گئی۔ یاد رہے کہ عمران خان خود بھی گرفتاری کا امکان ظاہر کر چکے ہیں۔عمران خان نے اپنے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مجھے گرفتار کرنے کا پلان بنا لیا ہے جس سے ان کی بدنیتی واضح ہو جاتی ہے۔میرا پہلے بھی اسلام آباد کی عدالت میں پیش ہونے کا ارادہ تھا جب انہوں نے میرے گھر پر دھاوا بولا۔

FOLLOW US