Friday January 24, 2025

زمان پارک میں آپریشن،عمران خان کی ہمشیرہ کا ردِعمل گھر میں عورتوں اور بچوں کے سوا کوئی نہیں ہے،میرے شوہر کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے

لاہور : زمان پارک میں پولیس کا آپریشن،عمران خان کی ہمشیرہ کا بھی ردِعمل آ گیا۔ تفصیلات کے مطابق زمان پارک میں پولیس آپریشن کیخلاف عمران خان کی ہمشیرہ بھی چپ نہ رہیں،ڈاکٹر عظمٰی نے اردو پوائنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھر میں عورتوں اور بچوں کے سوا کوئی نہیں،اب دیکھتے ہیں قانون کیا کرتا ہے؟ انہوں نے بتایا کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی زمان پارک میں موجود ہیں۔

عمران خان کی آپ لوگوں نے قدر نہیں کی،بہت افسوس ہو رہا ہے ہمارے لوگوں نے ہمارے ساتھ یہ کیا۔ عمران خان کی ہمشیرہ نے دعویٰ کیا کہ میرے شوہر کو بھی گرفتار کر لیا گیا،میں نے سرچ وارنٹ دکھانے کی ڈیمانڈ کی لیکن ان کے پاس کوئی سرچ وارنٹ نہیں تھا۔ قبل ازیں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ زمان پارک میں میرے گھر پر حملہ کیا جہاں بشریٰ بیگم اکیلی تھیں،یہ کس قانون کے تحت کر رہے ہیں؟ اب یہ واضح ہے کہ میرے تمام مقدمات میں ضمانت حاصل کرنے کے باوجود پی ڈی ایم حکومت مجھے گرفتار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ان کے مذموم عزائم کو جاننے کے باوجود میں اسلام آباد اور عدالت کی طرف جا رہا ہوں کیونکہ میں قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتا ہوں۔ لیکن بدمعاشوں کے اس ناپاک عزائم سب پر عیاں ہوں گے۔ اب یہ بھی ظاہر ہے کہ لاہور کا سارا محاصرہ کسی مقدمے میں میری عدالت میں حاضری کو یقینی بنانا نہیں تھا بلکہ اس کا مقصد مجھے جیل بھیجنا تھا تاکہ میں اپنی انتخابی مہم کی قیادت نہ کر سکوں۔

یہ لندن پلان کا حصہ ہے جہاں ایک ملاقات پر رضامندی کے لیے مفرور نواز شریف کو اقتدار میں لانے کے وعدے کیے گئے تھے۔ عمران خان نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے بھی کہا تھا کہ کہ انہوں نے مجھے گرفتار کرنے کا پلان بنا لیا ہے جس سے ان کی بدنیتی واضح ہو جاتی ہے۔میرا پہلے بھی اسلام آباد کی عدالت میں پیش ہونے کا ارادہ تھا جب انہوں نے میرے گھر پر دھاوا بولا۔مجھے جیل میں ڈالنا لندن پلان کا حصہ ہے کیونکہ نواز شریف کی ڈیمانڈ ہے کہ عمران خان کو گرفتار کرکے جیل میں ڈالا جائے تاکہ وہ الیکشن میں حصہ نہ لے سکے۔

FOLLOW US